آزادی اظہار کی آڑ میں ریاست کی ’ریڈ لائنز‘ عبور کرنے کی اجازت نہیں: محسن نقوی

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے ان لوگوں کے لیے ڈھال نہیں بننی چاہیے جو ریاست کی مقرر کردہ ’ریڈ لائنز‘ عبور کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات پائیدار ترقیاتی پالیسی کے ادارے ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اپنے خطاب کے آغاز میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست کے لیے چار ریڈ لائنز ہیں، جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، تشدد پر اکسانا اور بچوں کا جنسی استحصال شامل ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ان چار معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ پاکستان نے دہشت گردی کی بھاری قیمت اپنے لوگوں کے خون سے ادا کی ہے۔ وزیر داخلہ کی حیثیت سے میں نے شہدا کے جنازوں میں شرکت کی ہے اور اکثر ان کی جان لینے والی نفرت کا آغاز کسی موبائل فون سے ہوا تھا۔‘

محسن نقوی نے الزام عائد کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی جانب سے کی گئی شکایات میں سے صرف 47 فیصد پر کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا: ’یہ ٹیکنالوجی کا نہیں بلکہ لوگوں کا معاملہ ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ آزادی اظہار کو محدود کیا جائے۔ صحافیوں کو رپورٹنگ کرنی چاہیے، شہریوں کو سوال اٹھانے چاہییں اور اختلاف رائے کو سنا جانا چاہیے، بشمول حکومت کے خلاف اختلاف رائے کے، لیکن آزادی اظہار ان لوگوں کے لیے کبھی ڈھال نہیں بن سکتی جو ان ریڈ لائنز کو عبور کرتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس افرادی قوت، وسائل اور ٹیکنالوجی محدود ہیں۔

پنجاب کی مثال دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ صوبے کی آبادی 14 کروڑ ہے، جبکہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں صرف 61 افراد تعینات ہیں۔

انہوں نے کہا: ’ان 61 افراد میں ڈرائیور، کلرک اور افسران بھی شامل ہیں۔ ہم یہ کام اکیلے نہیں کر سکتے۔ اسی لیے ہم نے سوشل میڈیا پروٹیکشن ریگولیٹری اتھارٹی قائم کی ہے۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ اب پالیسی بنانے کے بجائے اس پر عمل درآمد کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ان کے مطابق ابتدا میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) سروسز اور بڑے مواد تخلیق کرنے والوں کو اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا: ’رجسٹریشن کسی کو خاموش کرانے کا لائسنس نہیں بلکہ اس سے ہمیں معلوم ہوگا کہ کسی خرابی کی صورت میں جواب دہ کون ہے۔‘

محسن نقوی نے کہا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو پاکستان کے لیے ایک بااختیار نمائندہ نامزد کرنا ہوگا، جو حقیقی معنوں میں فیصلے کرنے کا اختیار رکھتا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح شہریوں کے لیے شکایات درج کرانے کا ایک ایسا نظام ہونا چاہیے جس کے ذریعے وہ اپنی شکایت پر ہونے والی پیش رفت دیکھ سکیں۔

انہوں نے کہا: ’ہم این سی سی آئی اے کی تمام شکایات پاک آئی ڈی ایپ پر منتقل کر رہے ہیں اور اتھارٹی شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کی مکمل نگرانی کے لیے ایک واحد نظام تیار کر رہی ہے۔‘

وزیر داخلہ نے ایک حالیہ ٹاؤن ہال اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں ان کی ملاقات پانچ لڑکیوں سے ہوئی جو اپنی زندگیاں ختم کرنے کے قریب تھیں، کیونکہ کسی شخص نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کا ’حساس مواد‘ جاری کرنے کی دھمکی دی تھی۔

انہوں نے کہا: ’ہمارے پاس ان پلیٹ فارمز سے رابطہ کرنے کا کوئی مؤثر راستہ موجود نہیں۔ ان معصوم جانوں کو بچانے کے لیے فوری ردعمل دینا ان پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے۔‘

محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا اتھارٹی اس بات کی تصدیق کرے گی کہ متعلقہ پلیٹ فارم نے کارروائی کی ہے یا نہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بقول: ’آخر میں عمل درآمد مرحلہ وار ہوگا، پہلے رابطہ کیا جائے گا، پھر نوٹس دیا جائے گا اور اس کے بعد جرمانے عائد ہوں گے۔ کسی پورے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا آخری آپشن ہوگا۔ ہماری درخواست واضح، قانونی اور نظرثانی کے لیے کھلی ہوگی۔‘

وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست کو خود کو بے بس محسوس نہیں کرنا چاہیے، تاہم دہشت گرد گروہ اب بھی انہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھرتیاں کر رہے ہیں، دہشت گردی کے لیے فنڈز جمع کر رہے ہیں اور خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) ایک کالعدم دہشت گرد تنظیم ہے، لیکن اس کے ’بہت سے عہدیدار اب بھی ان پلیٹ فارمز کو استعمال کر رہے ہیں۔‘

محسن نقوی نے سوال اٹھایا: ’اگر یہ ایک کالعدم تنظیم ہے تو پھر کون اسے ان پلیٹ فارمز پر سرگرم رہنے اور انہیں استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے؟ کسی کو انہیں روکنا ہوگا۔ ہماری یہی درخواست ہے۔‘

انہوں نے کہا: ’اگر آپ ایسا نہیں کر رہے تو ہم اس کا کیا مطلب لیں؟ اگر آپ کے ملک نے کسی تنظیم کو بلیک لسٹڈ اور دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے اور اس کے باوجود آپ کارروائی نہیں کرتے تو یہ ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔‘

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت این سی سی آئی اے کی استعداد کار بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’آج میں ان تمام پلیٹ فارمز کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہوں۔ آئیں، ہم ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھنے کے بجائے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔ عالمی سطح پر کام کریں۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *