جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کے مطابق منگل کو پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے وکلا سے خطاب سے قبل لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے، جسے پولیس نے ’سکیورٹی انتظامات‘ کے تحت کیا گیا اقدام قرار دیا ہے۔
جے یو آئی پنجاب کے ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے منگل کو لاہور ہائی کورٹ بار کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا تھا، تاہم اس سے قبل ہی انہیں پارک ویو سوسائٹی میں واقع ان کی ’رہائش گاہ پر محصور کر دیا گیا۔‘
بقول حافظ غضنفر: ’ہم پُرامن لوگ ہیں۔ اگرچہ مولانا صاحب ہائی کورٹ بار میں خطاب کے لیے آئے ہیں لیکن ہم زبردستی جانے کی کوشش میں حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’انتظامیہ کی خواہش ہے کہ ہمارے کارکن مزاحمت کریں اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن کا جواز بنایا جائے، لیکن ہم ایسا کوئی موقع انتظامیہ کو فراہم نہیں کرنا چاہتے۔ ہمارے کارکنوں کا دباؤ ہے کہ ہم مولانا کو تقریب میں لے کر جائیں گے، لیکن قیادت نے انہیں منع کرتے ہوئے پر امن رہنے کی تلقین کی ہے۔
جے یو آئی ترجمان کے مطابق: ’پولیس نے سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر بھی اہلکار تعینات کیے ہیں اور وہاں کنٹینر رکھ دیا ہے‘ جبکہ پولیس نے ’سوسائٹی کے رہائشیوں کی آمدورفت بھی روک دی ہے۔‘
دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق یہ نفری سکیورٹی انتظامات کے تحت تعینات کی گئی ہے۔
ترجمان جے یو آئی پنجاب نے اس سے قبل میڈیا کو جاری بیان میں اس اقدام کو ’قابل مذمت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ شہری آزادیوں اور آئینی حقوق کے خلاف ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’گرفتاریاں، ناکہ بندیاں، کاروبار سیل کرنا اور ایف آئی آرز ہماری جدوجہد کا راستہ نہیں روک سکتے۔‘
بقول جے یو آئی پنجاب ترجمان: ’ہم آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔‘
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جے یو آئی اور حکومت کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ اس سے قبل 19 نومبر کو جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود سے سرکاری سکیورٹی واپس لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ جے یو آئی رہنماؤں نے اپنی رہائش گاہوں کے باہر پولیس ناکہ بندی کی شکایت بھی کی تھی۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر ناکہ بندی کی گئی ہے۔
لاہور میں تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ، اجتماعات پر پابندی عائد
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں 24 سے 26 نومبر 2026 تک تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
23 نومبر کو جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے بعد کیا گیا، جن میں پنجاب بھر، بالخصوص لاہور میں دہشت گرد اور عسکریت پسند تنظیموں کی جانب سے امن و امان اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات کا ذکر کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلیوں، جلوسوں، مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
لوگوں کو غیر قانونی اجتماعات میں شرکت پر اکسانا بھی ممنوع ہوگا، تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور گرجا گھروں میں عبادات، سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے فرائض اور عدالتی کارروائیوں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
حکم نامے کی تعمیل کے لیے متعلقہ صوبائی حکام، لاہور پولیس اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
