صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے پیر کو پشاور کے تاریخی کرکٹ سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم سے بدل کر واپس ارباب نیاز سٹیڈیم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت نے فروری 2025 میں اس سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھا تھا۔
گذشتہ ماہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہٹا کر گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔
صوبے کے گورنر کنڈی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا یہ فیصلہ پشاور کی تاریخی شناخت اور ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ’پی ٹی آئی نے اپنے 13 سالہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے بے پناہ کھیلوں کے ٹیلنٹ کے باوجود ایک بھی نیا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر نہیں کیا، تاہم پہلے سے موجود سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے میں جلدی دکھائی۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق یہ معاملہ پشاور کی تاریخ، اس کے ورثے اور صوبے کے کھیلوں کے لیے حقیقی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف سے متعلق ہے۔
ارباب نیاز سٹیڈیم میں کئی ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔
یہاں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انڈیا اور زمبابوے سمیت کرکٹ کھیلنے والے بڑے ممالک کی ٹیمیں آ چکی ہیں۔
یہ سٹیڈیم سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز کے نام سے منسوب تھا، جو سابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور عمران خان حکومت میں وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کے والد تھے۔
