احسن اقبال پہلے پاکستانی خلا باز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے

پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال پیر کو چین کے اس خلائی مشن کی روانگی کی تقریب میں شرکت کریں گے، جو پاکستان کے پہلے خلا باز کو خلا میں لے کر جائے گا۔

یہ مشن پاکستانی خلا باز کو چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی شہری بنا دے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون سیٹلائٹ لانچ کرنے سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی سفر تک پہنچ جائے گا۔

دونوں ممالک نے فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی اس مشن کے لیے تربیت کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو نے اتوار کو بتایا تھا کہ چین نے اپنے شین ژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ کی مشق کامیابی سے مکمل کر لی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک اپنے پہلے مشترکہ انسانی خلائی مشن کے مزید قریب پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ احسن اقبال پیر کو شمال مغربی چین میں واقع جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر کا دورہ کریں گے، جہاں وہ تربیت مکمل کرنے والے دو پاکستانی خلا بازوں سے ملاقات کریں گے۔

ان دونوں خلا بازوں میں سے ایک کا حتمی انتخاب خلائی پرواز کے لیے کیا جائے گا۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں احسن اقبال کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی پرواز پوری قوم کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’یہ پرواز پاکستان کے خلائی سفر کی عکاسی کرتی ہے، جو ہمارے نوجوانوں کے خوابوں کو زمین سے آگے خلا تک لے جائے گی۔‘

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ’ہمالیہ سے بلند پاکستان اور چین کی دوستی اس تاریخی پرواز کے ساتھ آسمانوں سے بھی بلند ہو جائے گی۔‘

اس سے قبل پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو نے بتایا تھا کہ لانچنگ کی مشق جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہوئی، جہاں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے قبل تمام ضروری مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔

چین کے خلائی مسافروں کی تحقیق و تربیت کے مرکز کے عہدیدار ژو لو کے مطابق تینوں خلا بازوں نے مشترکہ مشق کے دوران بھرپور عزم کا مظاہرہ کیا اور تمام کارروائیاں درست انداز میں مکمل کیں۔

شین ژو 24 خلائی جہاز اور اس کا لانگ مارچ 2 ایف راکٹ 17 نومبر کو حتمی تیاریوں کے لیے لانچنگ کے مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم چینی حکام نے ابھی تک لانچنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

پاکستان نے اس مشن کے لیے دو پائلٹس، محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔ ان میں سے ایک خلا باز بطور پے لوڈ سپیشلسٹ تیانگونگ خلائی سٹیشن جائے گا، جبکہ دوسرا متبادل کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

منتخب خلا باز سے توقع ہے کہ وہ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزارے گا، جہاں وہ سائنسی تجربات کرے گا۔ اس کے بعد وہ شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *