چین نے پاکستان کے پہلے خلا باز کو لے جانے والے اپنے خلائی جہاز شینژو 24 کی لانچنگ کی مشق کامیابی سے مکمل کر لی۔
پاکستان کے خلائی ادارے نے اتوار کو بتایا کہ اس پیش رفت کے بعد دونوں ممالک اپنے پہلے مشترکہ انسانی خلائی مشن کے ایک قدم مزید قریب آ گئے ہیں۔
اس مشن کے تحت پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ خلائی سٹیشن کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی شہری ہوں گے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اس طرح دونوں ممالک کا باہمی تعاون سیٹلائٹ بھیجنے سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی پرواز تک پھیل جائے گا۔
پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں اس مشن کے لیے پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کا معاہدہ کیا تھا۔
پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقی کمیشن (سپارکو) کے مطابق یہ مشق شمال مغربی چین میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہوئی، جہاں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے قبل کے تمام ضروری مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
سپارکو نے اپنے بیان میں کہا ’پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اب زمین کی حدود سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے۔‘
چین کے خلائی بازوں کے تحقیقی و تربیتی مرکز کے عہدے دار ژو لو نے کہا کہ تینوں خلا بازوں نے مشترکہ مشق کے دوران عزم کا مظاہرہ کیا اور تمام کارروائیاں درست طریقے سے انجام دیں۔
شینژو 24 خلائی جہاز اور 2 ایف راکٹ حتمی تیاریوں کے لیے 17 نومبر کو لانچنگ کے مقام پر منتقل کر دیے گئے تھے۔ تاہم چینی حکام نے تاحال اس کی لانچنگ کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
پاکستان نے اس مشن کے لیے دو پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ان میں سے ایک بطور پے لوڈ سپیشلسٹ تیانگونگ خلائی سٹیشن جائے گا جبکہ دوسرا متبادل کے طور پر تیار رہے گا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
منتخب خلا باز سے توقع ہے کہ وہ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزارے گا، جہاں وہ سائنسی تجربات کرے گا۔ اس کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں کئی سال سے جاری تعاون کے فروغ کا تسلسل ہے۔
اس تعاون میں چین کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹس خلا میں بھیجنا اور 2028 کے لگ بھگ چین کے چانگ ای 8 چاند مشن کے ذریعے پاکستان میں تیار کردہ ایک روور (چاند پر چلنے والی گاڑی) بھیجنے کے منصوبے شامل ہیں۔
چین نے 2022 میں اپنا تیانگونگ خلائی سٹیشن مکمل کیا تھا اور اب اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شرکت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس دوران چین کا ہدف 2030 تک خلا بازوں کو چاند پر اتارنا ہے۔
