پاکستان 23 نومبر سے جوہری سلامتی کے عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا

پاکستان 23 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز (این ایس ایس سی نیٹ ورک) کے 15ویں سالانہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔

دفتر خارجہ نے اتوار کو بتایا کہ یہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔

چار روزہ اجلاس میں آئی اے ای اے اور این ایس ایس سی نیٹ ورک کے 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، جہاں جوہری سلامتی سے متعلق تربیت کو بہتر بنانے، بین الاقوامی تعاون مضبوط کرنے اور اس شعبے میں تجربات کے تبادلے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

این ایس ایس سی نیٹ ورک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو ممالک کو علم کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور صلاحیتوں میں اضافے کے ذریعے جوہری سلامتی سے متعلق تربیت اور معاونت کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے لیے باہمی تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ’اسلام آباد میں اس اجلاس کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم اور کردار کی عکاسی کرتی ہے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان، جہاں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی کے تحت کام کرتے ہیں، بین الاقوامی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات سمیت مختلف مواقع پر جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت پر زور دیتا رہا ہے۔

آئندہ اجلاس میں شریک ممالک اور اداروں کو دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سامنے آنے والے نئے چیلنجز پر تبادلہ خیال اور بہترین طریقہ ہائے کار کے تبادلے کا موقع ملنے کی توقع ہے۔

پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔

اُس وقت اسلام آباد، ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *