پرتگالی وزیر خارجہ کی تجارت اور سرمایہ کاری پر مذاکرات کے لیے اسلام آباد آمد

پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانژیل اتوار کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پرتگالی وزیر خارجہ کے پاکستان کے میں قیام کے دوران دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بات چیت کی جائے گی، جب کہ دونوں ملکوں کے کاروباری ادارے زراعت، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔

پرتگال کے وزیر خارجہ کا یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب اسلام آباد یورپی ملکوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے اور اپنی برآمدات میں تنوع لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 پاکستانی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں پرتگال کے ساتھ دوطرفہ تجارت 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2020 میں 18 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی۔ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا۔

رانژیل پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات اور مشترکہ پریس کانفرنس ہو گی۔

وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقوں پر بات چیت کریں گے۔‘

پرتگالی وزیر خارجہ پاکستانی ہم منصب اسحٰق ڈار کی دعوت پر ایسے وقت پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جب دونوں ملک 77 سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ یہ تعلقات سات نومبر 1949 کو قائم ہوئے تھے۔

پرتگالی وزیر خارجہ کی اسحٰق ڈار سے بات چیت میں زراعت، خاص طور پر زیتون کی کاشت اور اس سے مصنوعات تیار کرنے، قابل تجدید توانائی، سمندری رابطوں، نقل مکانی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون شامل ہو گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس دورے کے دوران پیر کو پاکستان پرتگال بزنس فورم بھی ہو گا، جس میں دونوں ملکوں کی کمپنیاں زرعی خوراک، قابل تجدید توانائی، ادویات سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کپڑے کی صنعت میں کاروباری شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گی۔

پرتگال یورپی یونین کا رکن ہے۔ جولائی میں اسلام آباد میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوران دونوں ملکوں کے عہدے داروں نے افرادی قوت کی نقل و حرکت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، بندرگاہوں کے درمیان رابطوں اور زیتون کی کاشت کے شعبوں میں مواقع پر بات چیت کی تھی۔

دونوں وزرائے خارجہ سے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال اور اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرملکی فورمز پر تعاون کے بارے میں بات چیت کی بھی توقع ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’وزیر خارجہ رانژیل کا دورہ پاکستان اور پرتگال کے دیرینہ تعلقات کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون وسیع کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *