اسلام آباد ملازمہ قتل کیس: ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے جمعے کو 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر کے قتل کے کیس میں نامزد مرکزی ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کر دی ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے پولیس کی جانب سے چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان افشاں اور قاری علی کو مزید تین دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دینے کا حکم دیا۔

13 سالہ فاطمہ اصغر کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور سے تھا اور وہ گزشتہ تقریباً تین سال سے اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 11 میں واقع ایک سرکاری رہائش گاہ میں مقیم تھیں، جہاں وہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھیں۔

یہ واقعہ 14 نومبر 2026 کی شام پیش آیا جب فاطمہ کو مبینہ تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئیں۔ ان کے والد اصغر علی کی درخواست پر 15 نومبر کو تھانہ شمس کالونی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

پولیس نے واقعے کے الزام میں گھر کی مالکن افشاں اور قاری علی کو گرفتار کیا۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر تشدد کے 20 سے زائد نشانات پائے گئے، جبکہ گھر سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی تفتیش کا حصہ ہے۔ ایف آئی آر میں فاطمہ کو رشتہ داروں کے ساتھ رہنے والی مدرسے کی طالبہ بتایا گیا ہے۔

جمعے کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ افشاں کے قبضے سے الیکٹرک آئرن جبکہ ملزم قاری علی سے ڈنڈا برآمد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ واقعے سے متعلق سات روز کے ڈیٹا پر مشتمل ڈی وی آر فرانزک معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے واقعے کی ویڈیوز فوری طور پر عدالت میں جمع کروا کر باضابطہ طور پر ریکارڈ کا حصہ بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب پراسیکیوٹر واجد منیر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم قاری علی کا کردار جاننے کے لیے اس کا پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کروایا جانا ہے۔ پراسیکیوشن نے سوال اٹھایا کہ ’جب قاری گھر آ کر بچی کو پڑھاتا تھا تو پھر اسے مدرسے کیوں بھیجا گیا؟‘

پوسٹ مارٹم رپورٹ اور سی سی ٹی وی شواہد

پراسیکیوٹر نے کہا کہ 13 سالہ فاطمہ گزشتہ تین سال سے مذکورہ گھر میں مقیم تھی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر 20 سے زائد زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ زخموں کے نشانات پرانے ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ بچی کو مسلسل شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

پراسیکیوٹر کے مطابق، ’بچی کو الیکٹرک آئرن سے جلایا گیا، اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا اور اسے طبی امداد بھی فراہم نہیں کی گئی۔‘

عدالت کو بتایا گیا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو بار بار مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کا شوہر اور بچی کے والد آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں۔ بچی گھر کے دیگر بچوں کے ساتھ کھیلتی تھی اور ملزمہ کی والدہ کے کام کاج کرتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’گھر کے دیگر ملازمین کے بیانات قلمبند کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔‘

عدالت کی جانب سے ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ کے اطلاق، بچی کی رہائش کی وجوہات اور نادرا سے ریکارڈ کی صورت حال سے متعلق سوالات کے بعد پراسیکیوشن نے چار روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استدعا پر فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کا حکم دے دیا۔

پاکستان میں گھروں میں کام کرنے والے کم عمر بچوں پر تشدد اور ان کے استحصال کے واقعات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔ کم عمر گھریلو ملازمین اکثر طویل اوقات تک کام کرنے، جسمانی تشدد اور دیگر نامناسب سلوک کا سامنا کرتے ہیں۔ بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں ایسے واقعات کی روک تھام، کم عمر بچوں سے مشقت کے خاتمے اور گھریلو ملازمین کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی اور اس پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

 


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *