پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق ملک میں فضائی سفر کے دوران انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے لائسنسنگ فریم ورک مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے بعد مقامی اور بین الاقوامی ایئرلائنز کے مسافروں کو دورانِ پرواز انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر سیٹلائٹ لائسنسنگ اکرام الحق نے جمعرات کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سروس کے لیے متعلقہ کمپنیوں کو پی ٹی اے سے لائسنس حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ پاکستان میں کام کرنے والی ایئرلائنز کے ساتھ معاہدے کر کے مسافروں کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کر سکیں گی۔
اکرام الحق کے مطابق دنیا میں پہلے سے اس شعبے میں کام کرنے والی کمپنیاں گوگو (Gogo)، پیناسونک (Panasonic) اور ویاسات (Viasat) پاکستان میں بھی یہ خدمات فراہم کر سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کے ڈائریکٹر سیٹلائٹ لائسنسنگ نے بتایا کہ اس سروس کے لیے لائسنس کی ابتدائی فیس 10 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ لائسنس کی مدت 10 سال ہوگی۔
ان کے مطابق اس لائسنس کے لیے کوئی سالانہ فیس مقرر نہیں کی گئی۔
اکرام الحق نے بتایا کہ دورانِ پرواز انٹرنیٹ کی سہولت دنیا میں موجود سیٹلائٹ نیٹ ورکس کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جن میں لو ارتھ آربٹ (LEO) اور جیو سٹیشنری آربٹ (GEO) سیٹلائٹس شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان سیٹلائٹس کی مدد سے انٹرنیٹ سگنلز جہاز تک پہنچیں گے، جہاں نصب وائی فائی نیٹ ورک کے ذریعے مسافر اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر آلات پر انٹرنیٹ استعمال کر سکیں گے۔
اس سہولت کے ذریعے مسافر دورانِ پرواز اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے رابطے میں رہنے کے علاوہ دیگر آن لائن خدمات بھی استعمال کر سکیں گے۔
پی ٹی اے ڈائریکٹر سیٹلائٹ لائسنسنگ کے مطابق اس فریم ورک کا اطلاق پاکستان میں کام کرنے والی مقامی اور بین الاقوامی، دونوں طرح کی ایئرلائنز پر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ایئرلائنز، جن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اور فلائی جناح شامل ہیں، متعلقہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کر کے یہ سہولت اپنے مسافروں کو فراہم کر سکیں گی۔
اسی طرح بین الاقوامی ایئرلائنز بھی پاکستانی فضائی حدود میں دورانِ پرواز انٹرنیٹ سروس جاری رکھ سکیں گی، تاہم اس کے لیے انہیں پی ٹی اے سے این او سی حاصل کرنا ہوگا۔
اکرام الحق کے مطابق ماضی میں بعض بین الاقوامی ایئرلائنز کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر انٹرنیٹ سروس معطل کرنا پڑتی تھی، تاہم نئے فریم ورک کے تحت پی ٹی اے سے این او سی حاصل کرنے کے بعد وہ اپنے مسافروں کو یہ سہولت فراہم کر سکیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے میں مہارت رکھنے والی کمپنیوں کو پہلے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن کروانا ہوگی۔
اس کے بعد انہیں پی ٹی اے سے ان فلائٹ ٹیلی کمیونیکیشن سروسز (ITS) کا لائسنس حاصل کرنا ہوگا، جبکہ تیسرے مرحلے میں متعلقہ ایئرلائن کے ساتھ معاہدہ کرنا ہوگا۔
ان کے مطابق سیٹلائٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے یہ بھی ضروری ہوگا کہ وہ پاکستان سپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (PSARB) میں رجسٹرڈ سیٹلائٹس ہی استعمال کریں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لائسنس فیس یا انٹرنیٹ سروس کے اخراجات کے باعث فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اکرام الحق نے کہا کہ یہ ایک بڑی مارکیٹ ہے اور ایک کمپنی متعدد ایئرلائنز کو خدمات فراہم کر سکتی ہے، اس لیے پی ٹی اے کی لائسنس فیس کا فضائی کرایوں پر اثر نہیں پڑنا چاہیے۔
اکرام الحق کے مطابق پی ٹی اے نے لائسنسنگ فریم ورک مکمل کرکے اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دیا ہے، جس کے بعد دلچسپی رکھنے والی کمپنیاں مقررہ شرائط پوری کرکے لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بعض ایئرلائنز کی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب اس سہولت کے آغاز کا انحصار ایئرلائنز پر ہے کہ وہ کتنی جلد متعلقہ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرتی ہیں اور پی ٹی اے سے لائسنس حاصل کرکے مسافروں کو یہ اضافی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں۔
اکرام الحق کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے اس حوالے سے ضروری کام مکمل کر لیا گیا ہے اور اب سروس کے عملی آغاز کے لیے ایئرلائنز اور متعلقہ کمپنیوں کو پیش رفت کرنا ہوگی۔
