بلوچستان کے شورش سے متاثرہ مکران ڈویژن کے عوام کے لیے غیر رسمی سرحدی تجارت وہ واحد راستہ ہے، جو نہ صرف نوجوانوں بلکہ 70 سے 80 فیصد لوگوں کی زندگیوں میں بہتر تبدیلی لاسکتی ہے۔
بلوچستان کی جغرافیائی اور سیاسی اہمیت غیر معمولی ہے۔ سٹریٹیجک حوالے سے مکران ڈویژن اس وقت انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے میں جاری حالیہ مزاحمت کی بنیاد نواب اکبر خان بگٹی کے قتل کے بعد پڑی، جس کا آغاز مکران سے ہی ہوا اور اب تک اس کا مرکزی اور نظریاتی محور یہ علاقہ ہی ہے۔
یہ بات بھی درست ہے کہ مکران ڈویژن کے نوجوان نسبتاً زیادہ متحرک رہے ہیں۔ صوبے کی مختلف قوم پرست سیاسی جماعتوں کی اکثر قیادت کا تعلق بھی مکران سے ہے۔ عام تاثر ہے کہ کسی بھی جماعت نے اگر مکران میں اپنی جڑیں مضبوط کر لیں تو وہ بلوچستان کے سیاسی میدان میں ایک طاقت بن سکتی ہے۔
سیاسی و سٹریٹیجک محل وقوع
مکران کے تینوں اضلاع، تربت، پنجگور اور گوادر کی سرحدیں ایران سے ملتی ہیں۔ کسی بھی شورش زدہ خطے میں جغرافیہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ مکران کی اہمیت کو اگر معاشی اور کاروباری پہلو سے دیکھا جائے تو کسی بھی شورش زدہ علاقے میں عوامی مفادات اور روزگار کے مواقع محدود ہونے سے عموماً احساسِ محرومی اور ناراضگیاں جنم لیتی ہیں۔
غیر رسمی سرحدی تجارت علاقے کی خوشحالی کا سبب بن سکتی ہے، بشرط یہ کہ اسے منصفانہ طور پر ایک مؤثر میکنزم کے تحت چلایا جائے۔ اس سے یہاں کے لوگوں، خصوصاً نوجوانوں کی توجہ دیگر سرگرمیوں کی بجائے کاروبار کی طرف زیادہ ہو سکتی ہے۔ یہ بات بھی واضح ہے کہ جب تک سرحد پر غیر رسمی کاروبار ایک میکنزم کے تحت جاری رہا، وہ مکران کے لوگوں کی زندگیوں میں مالی بہتری کا ایک سنہرا دور تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
یہ الگ بات ہے کہ بعد میں انتظامیہ کی جانب سے اس کاروبار کو جس طرح چلایا گیا، وہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی بجائے مبینہ طور پر افسر شاہی کی بدعنوانیوں کا شکار ہو گیا۔ جو افراد محنت مزدوری کر کے اس کاروبار سے وابستہ تھے، وہ وہیں رہ گئے، جبکہ مبینہ طور پر افسر شاہی اور ٹوکن مافیا کروڑ پتی بن گئے۔ بالآخر یہ کاروبار بند کرنا پڑا۔
بلوچستان کے کور کمانڈر لیفٹینٹ جنرل عنایت حسن کی جانب سے گذشتہ دنوں بارڈر کھولنے کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ ہر طرف سے سرحدی کاروبار سے وابستہ افراد اس اقدام کا خیر مقدم کر رہے ہیں۔ اس سے عام لوگوں کے دلوں میں ریاست کے خلاف جو نفرت اور ناراضی موجود ہے، اس میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
اگر ایسے روزگار کے مواقع بلوچستان میں گذشتہ دو دہائیوں سے جاری شورش کی شدت کو کم نہیں کر سکے تو کم از کم اس میں اضافے کا سبب بھی نہیں بنے ہیں۔ متاثرہ افراد کسی نہ کسی صورت ان لوگوں کا ساتھ دیں گے جو بظاہر ان کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں، چاہے ان کا بیانیہ کتنا ہی سخت گیر کیوں نہ ہو، کیونکہ ان کے پاس کوئی متبادل موجود نہیں ہوتا۔
اگر حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار فراہم کر سکے تو نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی بجائے کم از کم موجودہ کاروبار کو بند نہ کرے۔ کوئی بھی تنازع کسی نہ کسی طرح احساسِ محرومی سے جڑا ہوتا ہے۔ جب لوگوں کی شکایات کو بروقت نہیں سنا جاتا تو اس کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے۔
غیر رسمی کاروبار
ایک وقت تھا کہ میرے اپنے قریبی دوست، جن کے ساتھ یونیورسٹی کے زمانے میں ہمارا گہرا تعلق تھا، دن میں کم از کم ایک مرتبہ ضرور چائے پر ملتے تھے، لیکن بعد کے دنوں میں جب یہی دوست اس کاروبار سے منسلک ہوئے تو ان کے پاس مجھ سے ملاقات کے لیے بھی وقت نہیں تھا۔ وہ نہ صرف یونیورسٹی گریجویٹس ہیں بلکہ موجودہ حالات پہ گہری نظر بھی رکھتے ہیں۔
اس وقت بلوچستان کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر سکیورٹی خدشات موجود ہیں، مگر اگر کچھ ایسے اقدامات کیے جائیں یا کسی مؤثر میکنزم کے تحت اس کاروبار کو چلایا جائے اور چیک اینڈ بیلنس کا سخت نظام قائم کیا جائے تو کم از کم ایک بڑے حلقے کی احساس محرومی کا ازالہ تو ہو سکتا ہے۔
مقامی یا بیرونی؟
بلوچستان کے تنازعے کے حوالے سے مختلف رائے سامنے آتی رہتی ہیں۔ ریاست اور حکومت کے بیانیے کے مطابق بلوچستان کی شورش مقامی نہیں بلکہ مسلط کی گئی ہے۔ میری یہاں دلیل یہ ہے کہ ایک لمحے کے لیے مان لیتے ہیں کہ یہ مقامی نہیں ہے، مگر ایک فریق نے اس محرومی کو دنیا کے سامنے پیش کیا تو یہ بیانیہ بعض مقامی لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر گیا۔
اس لحاظ سے اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا کہ کسی بھی کنفلکٹ کو ایندھن فراہم کرنے والے بنیادی عوامل میں احساس محرومی اور روزگار کی کمی شامل ہیں۔ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ ایسے کاروباری مواقعوں کو محدود کرنے سے تنازعے کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایک ذریعہ خلیجی ممالک میں روزگار بھی ہے، لیکن ان ممالک میں بھی آج کل روزگار کے مواقع محدود ہیں۔
بارڈر کے کاروبار سے وابستہ ہونے کے لیے بہت سے غریب لوگوں نے اپنی بیوی، بہن یا والدہ کے زیورات تک فروخت کر کے ایک ’زمیاد‘ گاڑی اس امید پر خریدی کہ اس کے ذریعے اپنے گھر اور بچوں کا مستقبل روشن کر سکیں گے، لیکن جلد ہی اس کاروبار کو نظر لگ گئی اور یہ کاروبار بند ہو گیا۔
جن لوگوں نے اپنی زمینیں فروخت کیں اور جن ماؤں اور بہنوں نے اپنے سونے کے زیورات بیچے، وہ آج حیران ہیں کہ ان کی لاکھوں روپے کی ’زمیاد‘ گاڑیاں کسی ماضی کے عجوبے کی طرح بےکار کھڑی ہیں۔
جب بھی بلوچستان کی بات آتی ہے تو ایک ہی بات سننے کو ملتی ہے کہ وہاں سردار ترقی کرنے نہیں دیتے۔ ہر دوسرا بندہ خود کو بلوچستان کے امور کا ماہر سمجھتا ہے لیکن المیہ یہ ہے انہوں نے کبھی بلوچستان دیکھا تک نہیں ہے۔ ہر کوئی شورش پہ کام کر رہا ہے مگر یہ تحقیق اگر مجھ جیسے سیاسیات اور صحافت کے طالب علم مطالعہ کریں تو وہ حیران رہ جاتے ہیں کہ کیا پڑھ رہے ہیں۔
بلوچستان کا محل وقوع پنجاب یا سندھ سے مختلف ہے۔ یہاں ہر علاقے کا الگ منظرنامہ ہے۔ ہر ریجن کو بہتر سمجھنے کے لیے وہاں کے پرائمری ڈیٹا کے ساتھ ریسرچ کی ضرورت ہے۔ یہی صورت حال مکران کی ہے۔ یہاں کے نوجوان بلوچستان بلکہ پورے ملک کے نوجوان سے مختلف سوچتے ہیں۔ ان کا اپنا نقطہ نظر ہے، وہ اس شورش کو ایک الگ زاویے سے دیکھتے ہیں۔ یہاں کے نوجوانوں کو کبھی بھی یہ کہہ کر قائل نہیں کیا جا سکتا کہ ان کی ترقی کی راہ میں سرداری نظام رکاوٹ ہے۔ ان کے پاس دلیل ہوتی ہیں۔
اگر ماضی میں دیکھا جائے تو عسکری قیادت اتنی نظر نہیں آتی تھی۔ بہت کم ایسا ہوتا تھا کہ کسی سیاسی یا سماجی رہنما نے کھل کر ان کے حق میں بیان دیا ہو مگر جب سے کور کمانڈر کا بیان گردش میں آیا ہے تو سوشل میڈیا پر کئی سیاسی و سماجی لوگ اسے سراہتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
