پاکستانی ڈراموں کا سرحد پار بڑا چرچا

’میں بڑا ہو کر پِتا بننا چاہتا ہوں۔‘

یہ کہنے والے آٹھ سالہ فیصل تھے، جو میرے چھوٹے بھائی کے دوست تھے۔ ’پِتا‘ ہندی میں والد کو کہتے ہیں۔

1970 اور 1980 کی دہائیوں میں پاکستانیوں کو وی ایچ ایس ٹیپس اور وی سی آرز کے ذریعے انڈین فلمیں آسانی سے دستیاب تھیں اور بالی وڈ کا اثر روزمرہ زندگی میں سرایت کر گیا تھا۔ فیصل جیسے بچوں کے لیے ہندی کے الفاظ بولنا فطری محسوس ہوتا تھا اور انڈین ثقافت ان کے لیے پُرکشش تھی۔ پاکستانی شادیوں میں بالی وڈ طرز کے رقص کرتے تھے اور ہماری سکول بس میں تازہ ترین فلمی گانے بلند آواز میں بجتے رہتے تھے۔

آج صورت حال بدل چکی ہے۔ سوشل میڈیا ایسی ریلز سے بھرا پڑا ہے جن میں انڈین ماؤں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ پاکستانی ڈرامے مسلسل دیکھنے کے بعد انہوں نے روزمرہ گفتگو میں اردو اور اسلامی الفاظ استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔

تبصرہ کرنے والے مذاق کرتے ہیں کہ اب ’پِتا جی‘ کی جگہ ’ابو‘ اور ’نمستے‘ کی جگہ ’السلام علیکم‘ نے لے لی ہے۔

جھنجھلائے ہوئے بیٹے شکایت کرتے ہیں کہ ان کی مائیں اب بےتکلفی سے ’ماشا اللہ‘ اور ’انشا اللہ‘ کہنے لگی ہیں۔ کئی دہائیوں تک پاکستانی ناظرین انڈین مقبول ثقافت کے اثرات قبول کرتے رہے، لیکن اب پاکستانی ٹیلی ویژن سرحد پار ناظرین کے الفاظ اور ثقافتی ترجیحات کو شکل دے رہا ہے۔

اس رجحان کو آگے بڑھانے والوں میں حالیہ ڈراما ’درِ نجات‘ نمایاں ہے، جو اے آر وائی ڈیجیٹل اور تھریز انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن ہے اور سال کے مقبول ترین پاکستانی ڈراموں میں سے ایک بن چکا ہے۔ یہ ڈراما دو متضاد کرداروں کے ذریعے ایمان اور مذہبیت کے درمیان واضح فرق پیش کرتا ہے اور اسلام سے متعلق مانوس دقیانوسی تصورات کے مقابلے میں ایک باریک اور متوازن نقطۂ نظر سامنے لاتا ہے۔

زامل ایک امیر خاندان سے تعلق رکھنے والا نوجوان ہے، جس کی شناخت کا بحران اسے مذہب کی بتدریج زیادہ سخت تشریح کی طرف لے جاتا ہے۔

اس کے برعکس ابو بکر ایک سنگل مدر کا متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والا بیٹا ہے، جس کا ایمان نظریات کی بجائے اس کے کردار اور عمل سے ظاہر ہوتا ہے۔ وہ نماز پڑھتا اور قرآن کی تلاوت کرتا ہے، لیکن اپنے ایمان کا عملی اظہار زیادہ تر روزمرہ کے ہمدردانہ رویوں سے کرتا ہے: اپنی والدہ سے عقیدت، بیوی کے ساتھ صبر، پڑوسیوں سے حسن سلوک اور خواتین اور بزرگوں کا احترام۔

یہ ڈراما شادی اور اخلاقیات کی تصویرکشی کے حوالے سے خاص طور پر متاثر کن ہے۔ جب ابو بکر کو اپنی بیوی زریاب کے زامل کے ساتھ شادی سے پہلے کے تعلق کا علم ہوتا ہے تو وہ مذمت کی بجائے ہمدردی سے پیش آتا ہے۔ جب زریاب احساس جرم، توبہ اور جذباتی کشمکش سے نبرد آزما ہوتی ہے تو وہ اس کا اعتماد بحال کرنے میں مدد کرتا ہے۔ صبر اور نرمی کے ساتھ وہ اسے ’درِ نجات‘ یعنی نجات کے دروازے کی طرف لے جاتا ہے۔

ایسے ناظرین، جو مسلمان مردوں کو انتہا پسندی، جبر یا گھریلو تشدد کے تناظر میں دیکھنے کے عادی ہیں، ان کے سامنے ابو بکر ایک یکسر مختلف تصویر پیش کرتا ہے: ایک ایسا شخص جس کا ایمان اس کے اندر ہمدردی کی صلاحیت کو مزید گہرا کرتا ہے۔ یہ تصویرکشی ممکنہ طور پر اس ڈرامے کی نرم سفارت کاری کی سب سے مؤثر شکلوں میں سے ایک ثابت ہو سکتی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے شواہد ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ انسٹاگرام کی ایک مقبول ریل میں مواد تخلیق کرنے والی انشیکا پرجوش انداز میں کہتی ہیں: ’پاکستان والوں نے غلام بنا لیا ہمیں۔ ابو بکر سے پیار ہو جائے گا مجھے، میں نے کبھی سوچا نہیں تھا!‘

اسلام کے پہلے خلیفہ کے نام سے موسوم اور ان سے منسوب اوصاف رکھنے والا مرکزی کردار بظاہر مصنفہ عمیرہ احمد کے ایک وسیع تر مقصد کی عکاسی کرتا ہے: کہانی کے ذریعے تصورات کو تشکیل دینا اور سرحدوں کے پار لوگوں کے دل جیتنا۔

تاہم اسلام کے بارے میں دقیانوسی تصورات کو چیلنج کرنے کی اس ڈرامے کی صلاحیت انڈیا اور بیرون ملک مقیم انڈین برادریوں میں اس کی مقبولیت کی وجہ نہیں۔ اصل کشش زبان ہے۔ ہندی بولنے والے ناظرین کے لیے پاکستانی ڈرامے لسانی اعتبار سے ایک مثالی مقام رکھتے ہیں: اردو آسانی سے سمجھ آ جاتی ہے لیکن اس کے باوجود اتنی منفرد ہے کہ ثقافتی طور پر تازگی کا احساس دلاتی ہے اور اس کی کشش اس کے شاعرانہ ذخیرۂ الفاظ میں پنہاں ہے۔

ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’میڈیم‘ پر لکھتے ہوئے ثقافتی مبصر کراتی گپتا زبان کو انڈیا میں پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت کی ’سب سے بڑی وجہ‘ قرار دیتی ہیں: ’ہندی اور اردو کا خوب صورت امتزاج ہمارے کانوں کے لیے ایک دل کش سرگوشی کی مانند ہے۔ جب میں نے ’طوفانِ بدتمیزی‘ اور ’جامِ محبت‘ جیسے الفاظ سنے تو میں اس زبان کی پُرجوش مداح بن گئی۔‘

پاکستانی ڈراموں کو اپنے ایک منفرد فارمولے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ یہ بڑی حد تک خاندان کے ساتھ دیکھنے کے قابل رہتے ہیں اور رومانوی مرکزی کرداروں کے درمیان جذباتی قربت پیدا کرتے ہیں، مگر اس واضح اور کھلے مواد کے بغیر جو بالی وڈ فلموں اور انڈیا کی بیشتر سٹریمنگ تفریح میں تیزی سے عام ہوتا جا رہا ہے۔ یہ ضبط تازگی کا احساس دلاتا ہے اور جیسا کہ ایک انڈین مواد تخلیق کرنے والے نے کہا، یہ ’الگ لیول کا نشہ‘ پیدا کرتا ہے۔

سٹریمنگ کے عروج نے خطے کے میڈیا منظرنامے کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے۔ کئی دہائیوں تک جنوبی ایشیا کا ٹیلی ویژن، فلم اور موسیقی بالی وڈ کے بہت بڑے سائے تلے رہے۔ سیٹلائٹ ٹیلی ویژن اور سٹریمنگ پلیٹ فارمز نے اب اس میدان کو کسی حد تک برابر کرنا شروع کر دیا ہے اور پاکستانی ڈراموں کو ہندی سینیما کے براہ راست مقابلے میں لا کھڑا کیا ہے۔

خاص طور پر دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ ڈرامے بالی وڈ کی فلمی زبان کو مسترد کرکے نہیں بلکہ اسے اپناتے ہوئے کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔ ’درِ نجات‘ میں ہدایت کار ثاقب خان اور سینیماٹوگرافر زیب راؤ، سرسوں کے کھیتوں کے اوپر سے لیے گئے وسیع ڈرون شاٹس، رومانوی نغمے اور باکو میں فلمائے گئے دل فریب مناظر کا استعمال کرتے ہیں تاکہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ جیسی بالی وڈ کی کلاسیکی فلموں اور ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ جیسی نسبتاً حالیہ فلموں کی بصری زبان کو ابھارا جا سکے۔

اور یوں ہم گھوم پھر کر پھر وہیں آ پہنچتے ہیں، جہاں سے بات شروع ہوئی تھی۔ ’پاکستانی ڈراما فیور‘ کے عنوان سے انسٹاگرام کی ایک ریل میں نوجوان سہج اپنی والدہ کی پاکستانی سیریلز مسلسل دیکھنے کے بعد اردو کے لیے بڑھتی ہوئی پسند سے جھنجھلایا ہوا ہے۔ اردو الفاظ سے بھرپور کئی مکالموں کے بعد وہ اپنی ماں سے پیسے مانگتا ہے۔

’میرے پاس نہیں ہیں،‘ وہ جواب دیتی ہیں۔

’ابو سے لے لو۔‘

چند لمحوں بعد سہج انجانے میں اپنے والد کو ’ابو‘ کہہ کر مخاطب کرتا ہے، لیکن فوراً اسے اپنی غلطی کا احساس ہو جاتا ہے۔ فیصل کے ’پِتا‘ سے سہج کے ’ابو‘ تک کا یہ سفر جنوبی ایشیا میں ثقافتی اثر و رسوخ کے بدلتے ہوئے رخ کی عکاسی کرتا ہے۔

سحر علی آسٹن میں رہتی اور کام کرتی ہیں، جہاں وہ یونیورسٹی آف ٹیکساس ایٹ آسٹن میں جنوبی ایشیائی زبانوں اور ثقافتوں سے متعلق علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں معاونت کرتی ہیں۔ یہ تحریر اس سے قبل عرب نیوز پاکستان پر شائع ہوچکی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *