ترکی اور قطر کا دفاعی معاہدہ، خطے میں جنگ روکنے کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عزم

ترکی اور قطر نے باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ دونوں ممالک نے خلیجی خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے کی روک تھام اور دفاع، تجارت، تعلیم اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے جمعے کو استنبول میں ہونے والی اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

ترک صدر کے دفتر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صدارتی محل دولما باغچہ میں دوطرفہ اور وفود کی سطح پر مذاکرات کیے، جن کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

روئٹرز کے مطابق صدر اردوغان نے کہا کہ ترکی اور قطر خلیجی خطے میں دوبارہ جنگ چھڑنے سے روکنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے پانچ معاہدوں میں شامل ہے، جن میں تجارت، تعلیم، صارفین کے تحفظ اور سفارتی تعاون سے متعلق معاہدے بھی شامل ہیں۔

دفاعی تعاون کا پس منظر

ترکی اور قطر کے درمیان دفاعی تعاون کا سلسلہ 2014 میں طے پانے والے فوجی تعاون اور دفاعی صنعت کے معاہدے سے شروع ہوا تھا، جو 2017 میں ترک پارلیمان کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوا۔

اس معاہدے کے تحت فوجی مہارت، دفاعی صنعت کی ترقی اور فوجی تنصیبات، بندرگاہوں اور فضائی حدود تک رسائی جیسے شعبوں میں تعاون کا فریم ورک قائم کیا گیا تھا۔ ترکی کا ایک فوجی دستہ بھی علیحدہ انتظام کے تحت قطر میں تعینات ہے۔

اس کے علاوہ ترکی، قطر، پاکستان اور انڈونیشیا نے اکتوبر 2026 میں دوحہ میں بدر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد مشترکہ دفاعی پیداوار، تکنیکی تربیت، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم چاروں ممالک کے اس فریم ورک کو باہمی دفاعی معاہدے کے بجائے دفاعی صنعت اور ٹیکنالوجی میں تعاون کا انتظام قرار دیا گیا تھا۔

دوطرفہ تجارت پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف

دفاعی معاہدے کے علاوہ دونوں ممالک نے تجارت، تعلیم، صارفین کے تحفظ اور سفارتی تعاون سے متعلق چار دیگر معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔

ترک وزیر تجارت عمر بولات اور قطر کے وزیر تجارت و صنعت شیخ فیصل بن ثانی بن فیصل آل ثانی نے صارفین کے تحفظ، منڈیوں کی نگرانی اور معائنے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

اسی طرح ترک وزیر تعلیم یوسف تکین اور قطر کے وزیر مملکت محمد بن عبدالعزیز الخلیفہ نے تعلیمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے امن، مفاہمت اور تنازعات کے حل سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے 12ویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان 2025 میں دوطرفہ تجارت کا حجم ایک ارب 30 کروڑ ڈالر رہا تھا، جسے بڑھا کر سالانہ پانچ ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *