لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک نجی فارم ہاؤس میں بدھ کو شیرنی کے حملے سے 19 سالہ ملازم جان سے گیا جس کے بعد پولیس نے فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے نعمان فارم ہاؤس پہنچا تھا جہاں شیرنی قابو سے باہر ہو گئی اور اس نے فارم کے ملازم طلحہ پر حملہ کر دیا۔
پولیس کے مطابق زخمی طلحہ کو علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے وائلڈ لائف حکام کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
واقعے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی حقیقت چھپانے اور شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔
تاہم مشکوک صورت حال سامنے آنے پر پولیس نے معاملے کی جانچ کی تو معلوم ہوا کہ نوجوان پر شیرنی نے حملہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ممکنہ غفلت، شیرنی رکھنے کے اجازت نامے اور حفاظتی انتظامات سمیت تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
مقدمہ درج، وائلڈ لائف قوانین بھی شامل
مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق واقعہ 11 نومبر کو پیش آیا جبکہ 12 نومبر کو تھانہ کاہنہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 289 اور 322 کے علاوہ پنجاب وائلڈ لائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ 1974 کی دفعات 10-A اور 12 بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ واقعے کی حقیقت چھپانے کی کوشش اور غفلت کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوق یا تفریح کے نام پر انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
