یورپی ملک اٹلی میں بدھ کو بم کی دھمکیوں کے بعد کم از کم 300 سکول خالی کرا لیے گئے جبکہ شمالی آئرلینڈ کے بھی متعدد سکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں۔
تاہم حکام کے مطابق ان دھمکیوں کے حقیقی ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
یہ واقعات ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب یورپ میں نام نہاد ’ہائبرڈ جنگ‘ سے متعلق خطرات پر تشویش بڑھ رہی ہے۔
حالیہ عرصے میں سپر مارکیٹوں، بلڈ بینکوں، فضائی ٹریفک اور ٹیلی ویژن نشریاتی اداروں کو بھی اس نوعیت کے خطرات کا سامنا رہا ہے۔
اٹلی کے وزیر تعلیم جوزیپے والدیتارا نے بدھ 11 نومبر کو بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں کم از کم 300 سکولوں کو ایک جیسے بم کی موجودگی سے متعلق انتباہ موصول ہوا جس کے بعد انہیں خالی کرایا گیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
اطالوی وزیر تعلیم نے ٹی وی چینل ایل اے سیون سے گفتگو میں کہا کہ ابتدائی طور پر یہ دھمکیاں جھوٹی معلوم ہوتی ہیں تاہم مزید سکولوں کو بھی دھمکیاں موصول ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں سکولوں کو ایک جیسی دھمکیاں ملنا خود ان دھمکیوں کے غیر معتبر ہونے کی نشاندہی کرتا ہے۔
طلبہ محفوظ مقامات پر منتقل
ایک سکول نے والدین کو میسجنگ ایپ کے ذریعے اطلاع دی کہ ملک بھر میں بم کی دھمکی کے بعد تمام طلبہ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ تدریسی عملے کی نگرانی میں ہیں۔
روئٹرز کی دیکھی گئی دھمکی آمیز ای میل کی ایک نقل کے مطابق پیغام بھیجنے والے نے اپنا نام ’میخائل اندروپوف‘ اور خود کو ’ولایتِ میسوگینستان کا رہنما‘ ظاہر کیا تھا۔
اسی نام سے جمعے کو آئرلینڈ اور بلغاریہ کے خبر رساں اداروں کے دفاتر کو بھی بم کی دھمکیوں والی ای میلز بھیجنے کی ذمہ داری قبول کی گئی تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روم پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ اطالوی پولیس ان دھمکیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔
شمالی آئرلینڈ کے سکولوں کو بھی دھمکیاں
دوسری جانب شمالی آئرلینڈ کی ایجوکیشن اتھارٹی نے بدھ کو بتایا کہ وہاں بھی بڑی تعداد میں سکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئی ہیں۔
تاہم اتھارٹی کے مطابق پولیس ان دھمکیوں کو قابل اعتبار نہیں سمجھتی، اس لیے سکولوں کو کھلا رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ’اس پیغام میں گذشتہ ماہ موصول ہونے والی ایک جھوٹی دھمکی سے مماثلت پائی جاتی ہے، جسے شمالی آئرلینڈ کی پولیس نے جعلی قرار دیا تھا۔‘
اٹلی اور شمالی آئرلینڈ میں موصول ہونے والی تازہ دھمکیوں کے حقیقی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ اطالوی پولیس معاملے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔
