سعودی پاکستان ایکویٹی فنڈ ابتدا میں 50 کروڑ ڈالر جمع کرے گا: پاکستانی سرمایہ کار

مجوزہ سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے ایک پاکستانی سرمایہ کار نے منگل کو بتایا ہے کہ فنڈ ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر جمع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس میں بالآخر کئی ارب ڈالر تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سعودی عرب اور پاکستان اقتصادی تعلقات کو نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم اس پر عمل درآمد کا انحصار ریگولیٹری منظوری کے حصول، پرعزم سرمایہ کاری کی کشش اور تجارتی لحاظ سے قابل عمل منصوبوں کی نشاندہی پر ہو گا۔

دونوں ممالک کی حکومتوں کی جانب سے تشکیل دی گئی سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے مطابق، اس نئے فنڈ کا تین چوتھائی حصہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال ہو گا جبکہ باقی حصہ سعودی عرب کے منصوبوں میں لگایا جائے گا۔

عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب کے مطابق فنڈ کے ریگولیٹری عمل میں کم از کم تین ماہ لگ سکتے ہیں اور متعلقہ دائرہ اختیار میں اس کی مینجمنٹ کمپنی رجسٹر کروانے پر کام پہلے سے ہی جاری ہے۔

عارف حبیب نے کراچی میں عرب نیوز پاکستان کو انٹرویو میں بتایا: ’فنڈ کو ابتدائی طور پر 50 کروڑ ڈالر سے شروع کرنے کا ارادہ ہے جسے بعد ازاں کئی ارب ڈالر تک بڑھایا جائے گا۔ اس کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کیسے کی جاتی ہے۔‘

عارف حبیب، جنہوں نے پیر کے روز فنڈ کے اجرا کے موقعے پر پاکستانی سرمایہ کاروں کی نمائندگی کرتے ہوئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے، نے کہا کہ یہ معاہدہ فنڈ کے قیام کی جانب پہلا قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا: ’میرا خیال ہے کہ ریگولیٹری عمل کو مکمل ہونے میں کم از کم تین ماہ لگیں گے۔ اس کے بعد سرمایہ کاروں کو فنڈز دینے کی دعوت دی جائے گی۔‘

عارف حبیب کے مطابق، دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے لیکن فنڈ کے قیام کے بعد باقاعدہ وعدے اور ادائیگیاں عمل میں آئیں گی۔

سعودی فریق کی جانب سے شرکا کی فہرست میں العجلان گروپ، طیبہ گروپ، ریم گروپ، الشریف گروپ، سعودی میٹرز کمپنی، سمو گلوبل انویسٹمنٹ، بن داؤد انویسٹمنٹ، اسياد ہولڈنگ گروپ اور ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل شامل ہیں۔

یہ کاروباری ادارے سرمایہ کاری، ریئل سٹیٹ، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور نقل وحمل جیسے مختلف شعبوں کی نمائندگی کرتے ہیں، تاہم ان کی شرکت کا مطلب فنڈ کے لیے تصدیق شدہ مالی وابستگی نہیں تھا۔

مجوزہ انتظامات کے تحت، سعودی اور پاکستانی سرمایہ کار برابر حصہ ڈالیں گے، جس میں 75 فیصد سرمایہ پاکستان کے لیے اور 25 فیصد سعودی عرب کے لیے مختص ہو گا۔ یہ فنڈ زراعت، کان کنی، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، تعمیرات، ریئل سٹیٹ اور ممکنہ طور پر قابل عمل انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں مواقع تلاش کرے گا۔

عارف حبیب نے کہا کہ کئی منصوبوں کی نشاندہی اور ان پر تبادلہ خیال ہو چکا ہے لیکن انہیں ابھی باقاعدہ شکل نہیں دی گئی۔ انہوں نے کراچی اور پشاور کو ملانے والے پاکستان کے مین لائن ون ریلوے منصوبے اور سرکاری اراضی کو تیار کرنے کے منصوبوں کو ممکنہ مواقع کے طور پر پیش کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عارف حبیب کے مطابق، سعودی عرب میں یہ فنڈ ٹیکنالوجی، پیٹرولیم، تعمیرات اور ریئل سٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکتا ہے۔ مجوزہ فنڈ کا ایک بورڈ اور مینجمنٹ کمیٹی ہو گی جس میں سعودی اور پاکستانی نمائندے شامل ہوں گے اور باہمی مشاورت سے چیف ایگزیکٹیو کا تقرر کیا جائے گا۔

عارف حبیب نے تسلیم کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے پچھلے معاہدے اکثر خاطر خواہ سرمایہ کاری میں تبدیل ہونے میں ناکام رہے ہیں، لیکن انہوں نے کہا کہ تازہ ترین اقدام اس لیے مختلف ہے کیوں کہ دونوں ممالک کے نجی سرمایہ کار اس کی قیادت کر رہے ہیں۔

انہوں نے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نجی شعبے کی شمولیت ان منصوبوں کو حقیقی سرمایہ کاری میں بدلنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا: ’اس بار، نجی شعبے کو قیادت دی گئی ہے، جس میں دونوں ممالک کے نجی شعبے کی شرکت شامل ہے۔‘

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ فنڈ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی تجارتی بنیادوں کو مضبوط کرے گا۔

انہوں نے کہا: ’پاکستان مملکت کے لیے ایک فطری پارٹنر ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے پارٹنرز اور مارکیٹس کی تلاش میں ہیں، جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کر سکیں۔‘

عارف حبیب نے کہا کہ سعودی تجارتی وفود کے پاکستان کے حالیہ دورے، معاشی استحکام میں بہتری اور ایک سازگار جغرافیائی سیاسی ماحول جنوبی ایشیائی ملک میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی کو بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: ’دونوں حکومتوں کی جانب سے بھی حمایت حاصل ہے۔ میرا خیال ہے کہ موجودہ ماحول اس نوعیت کے اقدامات تیار کرنے کے لیے مثالی ہے۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *