مظفرآباد: 6 سال سے نامکمل پل کی تعمیر کے لیے 45 دن کی مہلت

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں چھ سال سے زیر تعمیر پل کی تکمیل کے لیے موجودہ وزیراعظم افتخار گیلانی نے ٹھیکے دار کو 45 دن کی مہلت دی ہے۔

وزیراعظم نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہونے کی صورت میں جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔

وائی کراس تا سی ایم ایچ فلائی اوور کا منصوبہ پانچ وزرائے اعظم اور چار حکومتوں کی تبدیلی کے باوجود مکمل نہیں ہو سکا جبکہ اس کی لاگت ابتدائی تخمینے کے مقابلے میں تقریباً تین گنا بڑھ چکی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

پل کی تعمیر کب شروع ہوئی؟

مظفرآباد میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے دباؤ، خصوصاً مصروف سی ایم ایچ روڈ پر ٹریفک جام کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کا آغاز کیا تھا۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کے دور حکومت میں منصوبے پر تکنیکی کام شروع ہوا اور 2021 میں اس کا افتتاح کیا گیا۔

ابتدائی طور پر فلائی اوور کی تعمیر پر 15 کروڑ 74 لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم تعمیراتی اور تکنیکی مشکلات کے باعث اس میں متعدد بار اضافہ کرنا پڑا اور اب اس کی لاگت تقریباً 45 کروڑ 30 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

تعمیر میں چھ سال کی تاخیر کیوں ہوئی؟

منصوبے میں تاخیر کی وجوہات جاننے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے اس کے ڈیزائن اور تعمیر کے ذمہ دار سرکاری محکموں سے رابطہ کیا۔

سینٹرل ڈیزائن آفس کے ڈائریکٹر محمد عمران نے بتایا کہ فلائی اوور کا ڈیزائن ان کے محکمے نے 2020 میں مکمل کیا تھا۔

ان کے مطابق ڈیزائن کی تیاری سے قبل زمین کی ساخت اور ارضیاتی صورت حال کا سروے کیا گیا، ٹریفک کی آمد و رفت کا جائزہ لیا گیا اور زیر زمین سروسز سمیت دیگر تکنیکی امور کا بھی مطالعہ کیا گیا تھا۔

تاہم وہ ان مراحل کی تکمیل سے متعلق انڈپینڈنٹ اردو کو کوئی دستاویزی ثبوت فراہم نہیں کر سکے۔

دوسری جانب محکمہ تعمیرات عامہ کے سب ڈویژنل افسر حسیب عباسی نے بتایا کہ منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن میں کئی ضروری تعمیراتی کام شامل نہیں تھے۔

ان کے مطابق ریٹیننگ والز کی تعمیر، زیر زمین سروسز کی منتقلی اور پائلنگ جیسے کام بعد میں شامل کرنا پڑے، جس کے باعث نہ صرف تعمیراتی کام میں تاخیر ہوئی بلکہ منصوبے کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا۔

’حکومتیں بدلنے سے منصوبہ متاثر ہوا‘

منصوبے کے ٹھیکے دار راجہ تجمل خان نے بتایا کہ گذشتہ چھ برسوں کے دوران حکومتوں اور وزرائے اعظم کی بار بار تبدیلی سے تعمیراتی کام متاثر ہوا۔

ان کے مطابق فنڈز کی فراہمی میں مشکلات بھی منصوبے میں تاخیر کی ایک اہم وجہ رہیں۔

تاہم راجہ تجمل خان کا کہنا تھا کہ نئے وزیراعظم نے ان کے زیر التوا معاملات حل کر دیے ہیں، جس کے بعد تعمیراتی کام میں تیزی آئی ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پل کی تعمیر 45 دن کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔

کیا 45 دن میں پل مکمل ہو سکے گا؟

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعظم افتخار گیلانی کی جانب سے دی گئی نئی مہلت کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ نے بھی منصوبے کی نگرانی سخت کر دی ہے۔

ایس ڈی او حسیب عباسی کے مطابق تعمیراتی کام کی دن رات نگرانی کی جا رہی ہے اور ٹھیکے دار کو اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلائی اوور 45 دن کی مقررہ مدت سے بھی پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

شہریوں کو تعمیر کے معیار پر بھی تحفظات

مظفرآباد کے شہری فیصل جمیل کا دعویٰ ہے کہ منصوبے میں اب بھی بعض تکنیکی خامیاں موجود ہیں، تاہم طویل انتظار کے بعد اس کی تکمیل کی امید پیدا ہونا خوش آئند ہے۔

ایک اور شہری ملک عابد نے منصوبے کی لاگت میں اضافے پر سوال اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسے مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جائے۔

مقامی شہری ندیم احمد کے مطابق وزیراعظم کے اقدامات قابلِ تعریف ہیں، تاہم پل کی تعمیر کے معیار پر بھی توجہ دینا ضروری ہے تاکہ یہ منصوبہ عوام کے لیے حقیقی معنوں میں فائدہ مند ثابت ہو۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *