پاکستان نے پیر کو راول پنڈی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پانچ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لیے۔
کپتان بابر اعظم اور ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے دو کھلاڑیوں سمیت چار بلے بازوں نے نصف سینچریاں سکور کیں۔
اوپنر طیب عارف نے 57 اور محمد طحہٰ نے 51 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑی اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں جبکہ بابر نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
بظاہر گھاس سے بھری پچ پر سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ الٹا پڑتا دکھائی دیا۔
کم روشنی کے باعث مقررہ وقت سے 15 منٹ پہلے کھیل ختم کیے جانے پر سعود شکیل 57 اور غازی غوری سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
سری لنکا کا چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے اور کسی مستند سپنر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ مہنگا پڑ سکتا ہے کیونکہ پچ پر فاسٹ بولرز کو زیادہ مدد نہیں مل رہی۔
اسیتھا فرنینڈو سری لنکا کے کامیاب ترین بولر رہے، جنہوں نے 64 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
بابر اچھی فارم میں دکھائی دیے لیکن وہ ایک بار پھر طویل عرصے سے منتظر ٹیسٹ سینچری بنانے میں ناکام رہے۔ لنچ کے وقفے کے بعد دلشان مدوشنکا نے انہیں آؤٹ کر دیا۔
انہوں نے 58 گیندوں پر سات چوکے لگائے۔ بابر اب مسلسل 41 ٹیسٹ اننگز میں سینچری بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
ان کی آخری ٹیسٹ سینچری دسمبر 2022 میں کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنی تھی۔
سلمان آغا 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر کوشل مینڈس نے ان کا کیچ پکڑا، جو اس اننگز میں ان کا چوتھا کیچ تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عارف نے اذان اویس (30 رنز) کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ کے لیے پراعتماد انداز میں 86 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے دوران سری لنکن فاسٹ بولرز کو وکٹ حاصل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑی۔
اپنا پہلا فرسٹ کلاس سیزن کھیلنے والے 20 سالہ عارف نے 51 گیندوں پر نو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
سری لنکا کو پہلی کامیابی کے لیے 16ویں اوور تک انتظار کرنا پڑا جب ملان رتھنائیکے نے اذان کو وکٹ کیپر مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
اسیتھا فرنینڈو نے عارف کے بلے کا ایج لگوا کر انہیں بھی مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا، یوں پاکستان کا سکور دو وکٹوں کے نقصان پر 90 رنز ہو گیا۔
آل راؤنڈر عرفات منہاس اور فاسٹ بولر ثاقب خان بھی پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔
