مکہ دفاعی اتحاد کا اہم اجلاس رواں ماہ پاکستان میں متوقع

پاکستان رواں ماہ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے (ایم جے ڈی اے) کی سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کر سکتا ہے۔

اس پیش رفت سے براہ راست آگاہ ایک پاکستانی عہدیدار نے پیر کو بتایا کہ اسلام آباد امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے سات اگست 2026 کو مقدس شہر مکہ میں ایم جے ڈی اے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ کسی ایک رکن پر مسلح حملے کو تمام ارکان پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

اس معاہدے کی سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی اتحاد کا اہم فیصلہ ساز فورم ہے، جس میں ترکی، پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام شامل ہیں۔

یہ اجلاس ایسے وقت میں متوقع ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان علاقائی کشیدگی برقرار ہے اور حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، توانائی کی تنصیبات اور دیگر بنیادی ڈھانچے پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس کے نتیجے میں مملکت میں شہری ہوابازی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔

ایک سینیئر سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عرب نیوز کو بتایا کہ ’پاکستان رواں ماہ کے اواخر میں مکہ دفاعی اتحاد کی سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کر سکتا ہے، جس میں پاکستان، ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔‘

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فوجی تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ دوسری جانب ریاض نے معاشی مشکلات کے مختلف ادوار میں اسلام آباد کی مالی معاونت کے لیے بھی بارہا اقدامات کیے ہیں۔

دونوں ممالک نے گذشتہ سال ستمبر میں ایک الگ دوطرفہ دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روئٹرز نے مئی میں رپورٹ کیا تھا کہ اس معاہدے کے تحت اسلام آباد نے سعودی عرب میں آٹھ ہزار فوجی، لڑاکا طیاروں کا ایک سکواڈرن اور فضائی دفاعی نظام تعینات کیا تھا، جس سے ریاض کے ساتھ فوجی تعاون میں مزید اضافہ ہوا۔

پاکستان نے سعودی عرب کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حوثی حملوں کے تناظر میں اس کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

اسلام آباد نے یمن میں سرگرم اس گروپ پر زور دیا ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے اور سعودی عرب کے شہری بنیادی ڈھانچے پر حملے فوری طور پر بند کرے۔

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی نے گذشتہ ماہ ریاض میں بھی اجلاس منعقد کیا تھا، جس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی صورت حال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

تینوں ممالک کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدے میں دیگر ممالک بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *