میں نے اب تک یہی سیکھا کہ میں نے کچھ بھی نہیں سیکھا ہے۔
سقراط سے لے کر آج تک جتنے بھی دانشور قسم کے لوگ گزرے ہیں تقریباً سب نے کسی نہ کسی مرحلے پہ تھک ہار کے یہ بات ضرور کی ہے۔
مجھے باغی ہونا پسند تھا، جیسے کوئی بھی rational دماغ ہوتا ہے، اسی طرح کی سوچ میری تھی لیکن اب ایسا لگتا ہے جیسے وہ سب بے وقوفی تھی۔
آپ جس معاشرے میں رہتے ہیں اس میں سے کتنی چیزیں آپ مائنس کر سکتے ہیں؟ اودبلاؤ قسم کا حلیہ بنا لیا، بزرگوں پہ تنقید کر لی، بچوں کو سکھا دیا کہ ہر چیز کو شک کی نظر سے دیکھیں، صنف مخالف کو سکھا دیا کہ جو کرنا ہے خود کرنا ہے، ساری زندگی ہر نظریے کو عقل کے ترازو پر تولا، لیکن اس کا فائدہ کیا ہوا؟
دیکھیں بغاوت کی ایک قیمت ہوتی ہے۔ ہزار ہا سال گزار کے انسان نے ایک چیز سیکھی کہ لوگوں کو قابو میں رکھنا ہے تو انہیں زندگی گزارنے کے لیے لگا بندھا نظریہ دو، ملک کے لیول پر انہیں قانون دو، سیاست میں آئین دو، کسی بھی خلاف ورزی پر سزا کا اصول رکھو، یہ سب کرو گے تو زندگی آرام سے گزرے گی اور کوئی اگر ان سب روایات سے ذرا بھی دائیں بائیں ہٹا تو اپنے کیے کا وہ خود ذمے دار ہو گا۔
دائیں بائیں ہٹ کر ہم لوگ جدید اخلاقیات سیکھنے کے چکر میں کتابیں پڑھتے ہیں، لوگوں کے رویے دیکھتے ہیں کہ کیا کرنا ہے، کیا نہیں کرنا، خود پر قابو رکھتے ہیں کہ منہ سے جو بات نکلے تمیز کی نکلے لیکن اس سب کا فائدہ کیا ہوتا ہے؟
بہت سی ایسی چیزیں اس بوجھ تلے دب جاتی ہیں جو انسان کی بیسک سروائیول انسٹنکٹس (basic survival instincts) ہوتی ہیں۔
ہم لوگ سارے زمانے کی تربیت لینے کے بعد ایسے بن جاتے ہیں کہ سڑک پر کوئی ٹکر مار دے تب بھی اس سے نہیں جھگڑتے، بلکہ پہلے یہ سوچتے ہیں کہ ہماری غلطی کیا تھی۔
سیانے کہتے تھے لڑائی میں جیت پہلے مُکے کی ہوتی ہے ادھر اپن لوگ دوسرا گال آگے کرنے والی قوم میں بدل چکے ہیں۔
یہ آپ سب کی بات نہیں کر رہا میں، صرف ان سے مخاطب ہوں جو مجھ جیسے ہیں، جو چاہتے ہیں کہ ہر کوئی امن سکون شانتی سے رہے اور زندگی میں کوئی لانجھا نہ ہو۔
دیکھیں اگر آپ روایت کے حساب سے دیکھیں تو معاشرہ جتنے حق ایک انسان کو دیتا ہے ان میں سے کوئی بھی آج کل کے جدید ذہن والے انسان کے پاس نظر نہیں آتا۔ جو کچھ ہے دوسروں کا ہے، spouse کا، siblings کا، آپ سے چھوٹوں کا، بڑوں کا، پڑوسیوں کا، دور پار کے رشتے داروں کا، سارے مارجنز دوسروں کے لیے ہیں، خود ہمارے پاس کیا بچا ہے؟
اس نکتے پر آ کے میں یہ سوچتا ہوں کہ رہن سہن کے سارے جدید نظریے کسی بھی چیز کا پورا حل اب تک نہیں دے پائے، اور جب تک یہ تجرباتی دور مکمل نہیں ہوتا، اسی راستے پہ چلنے میں بھلائی ہے جس پہ میرے پردادا چلے، دادا، میرے والد، والدہ ۔۔۔ وہی راستہ ٹھیک تھا۔
تو اس کا مطلب کیا ہوا؟
گھوم پھر کے میں اس نتیجے پر آ گیا کہ جو چل رہا ہے وہ ٹھیک ہے اور طے شدہ چیزوں سے اگر آپ ہٹیں گے تو اس کی ایک قیمت ہو گی جو اچھی خاصی ہو گی۔
مزے کی بات یہ ہے کہ آپ قیمت ادا کر بھی دیں تب بھی آپ سکون میں نہیں رہ سکتے ۔۔۔ کیوں؟ کیونکہ بہرحال آپ کا ہر اگلا قدم اس راستے پر ہو گا جس پر آپ کے معاشرے میں بہت کم لوگ جاتے ہیں۔
اب میں سمجھا کیا رہا ہوں؟ مثال لیتے ہیں ۔۔۔ ایک لڑکا ہے جس کے لمبے بال ہیں، پورے چھتے جیسے، میلی سی جینز پہنی ہے، ٹی شرٹ ہے، نیچے سفید sneakers ہیں ۔۔۔ 1970 ہوتا تو اس بچے کو ہم باغی کہہ سکتے تھے کہ بھئی بزرگ دھوتی کرتا پہنتے تھے یہ کیا لباس پہن کر آ گیا ہے؟
اب تو سارے اسی لباس میں ہیں ۔۔۔ تو اب بنیادی طور پر روایت کے قریب جانا زیادہ بغاوت ہے۔ اب آپ اچھا سلا ہوا شلوار قمیص پہنیں گے یا دھوتی کرتا پہنیں گے تو ہی باقی لوگوں سے الگ نظر آئیں گے، کہ نہیں؟
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تو اسی طرح آج کل ہر وہ کام جو آپ کول لگنے کے لیے کر رہے ہیں، یقین کریں کہ ہر دوسرا بچہ کر رہا ہے، ایسے میں ہو کیا رہا ہے کہ آپ کول لگنے کی بجائے ایک بھیڑ چال کا حصہ دکھائی دے رہے ہیں، اور اس کا فائدہ بھی کوئی نہیں ہو رہا۔
لباس کی میں نے صرف مثال دی ہے، دنیا بھر کے ہر کام میں یہ مثال اسی طرح پوری بیٹھتی ہے ۔۔۔ سب یہ سمجھتے ہیں کہ ہم تجربہ کریں گے تو سیکھیں گے، ٹھوکر کھائیں گے تو سنبھلیں گے، اور جب سنبھلنے کا ٹائم آتا ہے تو ہاتھ پلے کچھ نہیں ہوتا!
نتیجہ کیا نکلا؟ اگر آپ سولہ سترہ سے لے کر بائیس تیئس سال کی بریکٹ میں ہیں تو بہت سکون سے اپنی چال ڈھال، لباس، نظریات، گفتگو ۔۔۔ سب کچھ ویسے ہی رکھیں جیسے آپ کی امیوں اور ابوؤں کے تھے، یقین کریں کہ آپ فائدے میں رہیں گے۔
طے شدہ راستوں پہ چلنے والوں کو ٹھوکر بہت کم لگتی ہے، اور لگتی بھی ہے تو وہ اس کا ملبہ صدیوں کے بنے ہوئے اصولوں پر ڈال کر کہہ سکتے ہیں کہ میری کوئی غلطی نہیں تھی۔
جس کا راستہ ہی سب سے الگ ہو وہ بے آسرا پن کا ملبہ ڈالے کس پر ڈالے گا؟
تو بس یہی سیکھا ہے بھئی نیا اب تک، اور آپ کو بتا دیا، باقی کچھ بھی نہیں سیکھا، جو بات ہے!
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
