پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی دو کارروائیوں میں 17 عسکریت پسند مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار جان سے گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یکم نومبر 2026 کو کی گئی ان کارروائیوں میں مارے جانے والے عسکریت پسندوں کا تعلق انڈیا کی مبینہ حمایت یافتہ تنظیموں ’فتنہ الہندوستان‘ اور ’فتنہ الخوارج‘ سے تھا۔
بلوچستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف یہ کارروائیاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب سکیورٹی فورسز ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
کچھی اور خاران میں کارروائیاں
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
اس دوران عسکریت پسندوں نے شہر میں سڑک بند کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یہ کوشش ناکام بنا دی۔
بیان کے مطابق اس کارروائی میں انڈیا کی مبینہ حمایت یافتہ تنظیم سے تعلق رکھنے والے 10 عسکریت پسند مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ضلع خاران میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک اور کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کی ایک پناہ گاہ کا سراغ لگا کر اسے ختم کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں انڈیا کی مبینہ حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کے سات عسکریت پسند مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
اس کارروائی کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ بھی جان سے گئے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود دیگر عسکریت پسندوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رہے گی۔
وزیراعظم اور صدر کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں کارروائیوں کے دوران 17 عسکریت پسندوں کی موت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ضلع خاران میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی میں جان سے جانے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے بھی ایک بیان میں بلوچستان میں 17 عسکریت پسندوں کی موت پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ ’وطن کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔‘
