ابھی کیریئر کی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے: نسیم شاہ

سات ماہ کے وقفے کے بعد ٹیم کا حصہ بننے والے پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ جدید دور کی وائٹ بال کرکٹ میں کامیابی کے لیے بیٹر کی ذہنیت سے کھیلنا ضروری ہے، جبکہ جارحیت اور ذہانت کا امتزاج ایک بہترین بولر بناتا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈیجیٹل کو انٹرویو دیتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ انہیں ابھی اپنے کیریئر کی بہترین کرکٹ کھیلنی ہے اور بالخصوص ٹیسٹ کرکٹ میں وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

نسیم شاہ نے نو اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قومی ٹیم میں واپسی کی اور پہلے ہی پانچ قانونی گیندوں پر وکٹ حاصل کی۔ انہوں نے چار اوورز میں 36 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اپنے کیریئر میں انجریز کے باعث کئی مرتبہ ٹیم سے باہر رہنے والے نسیم شاہ نے کہا کہ وقت اور تجربے کے ساتھ انسان اور کرکٹر دونوں میں پختگی آتی ہے۔

انہوں نے انٹرویو میں مزید بتایا: ’زندگی میں اتار چڑھاؤ سے بھی بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ جب آپ نوجوان ہوتے ہیں تو تیز رفتاری سے بولنگ کرتے ہیں، لیکن اب میرے خیال میں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ آپ کیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

نسیم شاہ کو حالیہ انجری پی ایس ایل 2026 کے دوران کمر میں تکلیف کی صورت میں پیش آئی تھی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انجری سے بحالی کے بارے میں انہوں نے کہا: ’جب بھی آپ انجری کا شکار ہوتے ہیں تو دوبارہ صفر سے آغاز کرنا پڑتا ہے۔ ایسے میں بحالی کا پروگرام، اپنے جسم کو سمجھنا اور اچھی طبی ٹیم کی موجودگی اہم ہوتی ہے۔‘

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نسیم شاہ نے کوسل مینڈس، دنتھ ویلالاگے اور لہرو اودارا کی وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے میچ میں وہ کوئی وکٹ نہ لے سکے، تاہم پاور پلے کے دو اوورز میں صرف نو رنز دیے۔

جدید وائٹ بال کرکٹ میں بولرز کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ زیادہ رنز والے مقابلوں کے دور میں کامیابی کے لیے بولرز کو اپنی مہارت اور صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

نسیم شاہ انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے سہ ملکی سیریز کے لیے بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ وہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کرنے کے خواہش مند ہیں۔

نسیم شاہ اب تک 34 ون ڈے میچوں میں 60 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ وہ اگست 2022 میں نیدرلینڈز اور جنوری 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دو ون ڈے میچوں میں پانچ، پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

مستقبل کے اہداف کے حوالے سے نسیم شاہ نے کہا: ’میرا سادہ سا ہدف یہ ہے کہ اتنی اچھی کارکردگی دکھاؤں کہ مجھے اپنے اہداف یا کارکردگی کے بارے میں بلند آواز میں بات کرنے کی ضرورت ہی نہ پڑے۔ جب انجریز کم ہوں اور بولنگ میں ردھم اچھا ہو تو باقی چیزیں خود بخود درست ہوتی چلی جاتی ہیں۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *