ایشین گیمز 2026 کے کرکٹ ایونٹ کا سفر اب تک کچھ ایسا رہا ہے کہ پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں جاپان میں موجود تو ہیں لیکن اب تک چاروں ٹیمیں ایک گیند بھی نہیں کھیل پائی ہیں۔
اس کی وجہ مسلسل بارش رہی ہے۔
پاکستان سمیت یہ چاروں ٹیمیں بنا کھیلے ہی ایونٹ کے کوارٹر فائنل اور پھر سیمی فائنل میں بھی پہنچ گئی ہیں اور اب انتظار کر رہی ہیں کہ کیا جمعرات کو ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل کھیلے جاتے ہیں یا نہیں۔
ایشین گیمز مینز کرکٹ کے دونوں سیمی فائنلز جمعرات کو نشین میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کا مقابلہ صبح 9 بجے بنگلہ دیش سے ہوگا، جبکہ انڈیا دوپہر 2 بجے سری لنکا کے مدمقابل ہوگا۔
نشین ہی تیسری پوزیشن کے میچ اور فائنل کی بھی میزبانی کرے گا، جو ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔ جمعرات کو بارش کا امکان برقرار ہے تاہم موسم بہتر رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اب تک تو بہتر رینکنگ والی ٹیم کو اگلے مرحلے میں بھیجا رہا تھا لیکن اگر سیمی فائنل اور فائنل میں بھی بارش ہوتی ہے تو کیا قوانین تبدیل ہوں گے؟
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک بات تو طے ہے کہ باقی میچز میں برابر سکور کی صورت میں فاتح کا فیصلہ سپر اوور کے ذریعے ہوگا۔
سیمی فائنل میں اگر خراب موسم کے باعث میچ یا سپر اوور مکمل نہ ہوسکا تو بہتر رینکنگ والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔
ایسی صورت میں پاکستان اور انڈیا کے فائنل میں آمنے سامنے ہونے کے امکانات زیادہ ہو جاتے ہیں کیوں کہ دونوں ہی اپنے اپنے سیمی فائنلز میں بہتر رینکنگ والی ٹیمیں ہیں۔
فائنل میں بارش ہو گئی تو کیا ہوگا؟ ایسی صورت میں دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر طلائی تمغہ دیا جائے گا۔
اب یہاں سوال یہ ہے کہ اگر پاکستان اور انڈیا فائنل میں پہنچتے ہیں اور بارش کے باعث انہیں مشترکہ فاتح قرار دیا جاتا ہے تو کیا مصافحہ نہ کرنے والی انڈین ٹیم پاکستان کے ساتھ میڈل شیئر کرے گی؟
