ریاست مخالف سرگرمیاں، سو سرکاری ملازم برطرف: بلوچستان حکومت

حکومت بلوچستان نے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مختلف محکموں کے 100 سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا، جن میں صوبے کی مختلف یونیورسٹیوں کے 95 اساتذہ بھی شامل ہیں۔

حکومت بلوچستان نے سرکاری تعلیمی اداروں میں ہر قسم کی سیاسی، تنظیمی اور دیگر سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

پاکستانی صحافیوں اور اینکر پرسنز کے ایک گروپ نے ہفتے کو حکومت بلوچستان کی دعوت پر کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سعودی عرب سے انہیں آن لائن بریفنگ دی۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بیانیے کے خلاف محکمہ داخلہ بلوچستان نے متعدد کارروائیاں کیں اور تحقیقات کے بعد الزامات ثابت ہونے پر 100 سرکاری ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔

محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون بابر یوسف زئی نے بتایا کہ برطرف ملازمین نے سرکاری حلف کی خلاف ورزی کی اور ریاست مخالف بیانیے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا ’سرکاری مراعات لینے کے باوجود پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بابر یوسف زئی کے مطابق برطرف ملازمین میں 95 یونیورسٹی اساتذہ شامل ہیں جبکہ مزید دو اساتذہ کے خلاف کیسز زیرِ التوا ہیں۔

انہوں نے بتایا محکمہ صحت کے تین ملازمین سمیت پانچ سرکاری ملازمین کو ریاست مخالف بیانیہ چلانے پر برطرف کیا گیا۔

دوسری جانب حکومت بلوچستان کے جاری اعلامیے کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کالجز و ہائر ایجوکیشن بلوچستان نے صوبے کے تمام سرکاری بوائز، گرلز، پوسٹ گریجویٹ، ڈگری اور انٹر کالجز میں کسی بھی قسم کی تقریب، تنظیمی سرگرمی یا اجتماع کے انعقاد پر پابندی عائد کردی ہے۔

اعلامیے کے مطابق متعلقہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی تنظیم یا گروپ کی جانب سے کوئی تقریب یا سرگرمی منعقد نہیں کی جا سکے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف بی ای ای ڈی رولز کے تحت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

اعلامیے میں تمام پرنسپلز کو ہدایت کی گئی کہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *