ہندوکش کے برف پوش پہاڑوں، سرسبز وادیوں اور شفاف چشموں کے درمیان کیلاش تہذیب صدیوں سے اپنی منفرد شناخت کے ساتھ زندہ ہے۔
یہ دنیا کی چند نایاب ثقافتوں میں شمار ہوتی ہے جس نے مذہبی، سماجی اور تہذیبی تغیرات کے باوجود اپنی روایات، زبان اور طرزِ زندگی کو بڑی حد تک محفوظ رکھا ہے۔
اگرچہ کیلاش لوگوں کی اصل کے بارے میں مختلف روایات اور قیاس آرائیاں موجود ہیں، تاہم جدید جینیاتی تحقیق انہیں اس خطے کا ایک منفرد اور قدیم نسلی گروہ قرار دیتی ہے۔
کیلاش ثقافت فطرت سے گہرا رشتہ رکھتی ہے۔ ان کے موسمی تہوار، روایتی لباس، مخصوص طرزِ تعمیر، مذہبی رسوم اور قدیم زبان ان کی تہذیبی شناخت کے نمایاں مظاہر ہیں۔ محدود آبادی کے باوجود انہوں نے اپنی ثقافت کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ اسے عالمی سطح پر بھی متعارف کرایا۔
اگرچہ کیلاش معاشرہ اپنی روایات سے گہری وابستگی رکھتا ہے، مگر اس نے زمانے کے ساتھ چلنے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ایک وقت تھا جب تعلیم ان وادیوں میں نایاب تھی، خصوصاً لڑکیوں کی تعلیم کا تصور بھی محدود تھا۔ مگر آج منظر بدل رہا ہے۔ بچے اور بچیاں سکول جا رہے ہیں، نوجوان اعلیٰ تعلیم کے لیے ملک کی مختلف جامعات کا رخ کر رہے ہیں اور بعض بین الاقوامی جامعات تک پہنچ چکے ہیں۔ یہ تبدیلی خاموش ضرور ہے، مگر انتہائی گہری ہے، کیوں کہ کسی بھی معاشرے کی اصل ترقی کتاب اور قلم سے شروع ہوتی ہے۔
اسی تہذیب کی آغوش سے ایک ایسی بیٹی نے جنم لیا جس نے اپنی محنت، عزم اور غیر معمولی حوصلے سے صرف کیلاش ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اسی بدلتی ہوئی صبح کی سب سے روشن کرن کا نام سائرہ جبین ہے۔
بعض لوگ اپنی کامیابی سے پہچانے جاتے ہیں، لیکن بعض اپنی جدوجہد سے۔ سائرہ جبین ان ہی لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے ثابت کیا کہ خوابوں کی کوئی جغرافیائی حد نہیں ہوتی۔ اگر ارادہ مضبوط ہو تو پہاڑ راستہ روکنے کی بجائے منزل تک پہنچنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
وادیٔ کیلاش کی ایک نوجوان لڑکی، جس کے ہاتھوں میں شاید حالات نے صرف گھریلو ذمہ داریوں کا تصور رکھا تھا، اس نے ان ہی ہاتھوں میں بلّا تھام لیا۔ وہ لڑکوں کا لباس پہن کر، اپنے بال چھپا کر، خاموشی سے کرکٹ کھیلتی رہی تاکہ کسی کی تنگ نظری اس کے خوابوں کا راستہ نہ روک سکے۔ اپنے گاؤں میں شاید اسے نسبتاً کم مخالفت کا سامنا تھا، لیکن باہر کی دنیا کے لیے ایک پہاڑی لڑکی کا کھیل کے میدان میں اترنا قابلِ قبول نہ تھا۔
وہ بتاتی ہیں کہ جب وہ چترال سے نکل کر پشاور پہنچی تو اس کے خوابوں کا استقبال تالیاں بجا کر نہیں کیا گیا۔ کسی کلب نے اسے قبول نہ کیا۔ دروازے بند تھے، مواقع محدود تھے اور معاشرتی رویے اس کے خلاف تھے۔ لیکن قسمت ہمیشہ اُن لوگوں کا ساتھ دیتی ہے جو ہار ماننے سے انکار کر دیتے ہیں۔ سائرہ لاہور پہنچی، جہاں اسے تربیت ملی، کوچنگ ملی اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملا۔ پھر ایک دن وہ لمحہ آیا جس کا خواب اس نے شاید بچپن میں کسی خاموش شام کو دیکھا ہوگا۔ وہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کا حصہ بن گئی، نہ صرف پہلی کیلاش لڑکی بلکہ پہلی چترالی خاتون جس نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اصل عظمت صرف قومی ٹیم تک پہنچنے میں نہیں تھی بلکہ وہاں خود کو ثابت کرنے میں تھی۔ مئی 2026 میں ٹی ٹوئنٹی کی دوسری ہی اننگ میں نصف سنچری بنا کر سائرہ نے دنیا کو بتا دیا کہ پہاڑوں کی بیٹیاں صرف روایات کی امین ہی نہیں بلکہ میدانِ عمل کی فاتح بھی ہو سکتی ہیں۔ ان کی بیٹنگ میں اعتماد تھا، بولنگ میں مہارت تھی اور فیلڈنگ میں چستی۔ گویا وہ صرف ایک کھلاڑی نہیں بلکہ عزم، نظم اور محنت کا مکمل پیکر تھیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لیکن شاید ان کی زندگی کا سب سے خوب صورت لمحہ وہ نہیں تھا جب تماشائیوں نے تالیاں بجائیں بلکہ وہ تھا جب ’مَدرز ڈے‘ کے موقع پر اپنی والدہ سے ویڈیو کال کرتے ہوئے ان کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو بہہ نکلے۔ یہ آنسو کمزوری کے نہیں تھے۔ یہ برسوں کی ریاضت، والدین کی دعاؤں، ناکامیوں کے زخموں اور کامیابی کے سکون کا حسین امتزاج تھے۔ بعض اوقات انسان کی پوری زندگی چند قطروں میں سمٹ آتی ہے، اور سائرہ کے آنسو بھی ایسی ہی ایک مکمل داستان تھے۔
سائرہ جبین صرف کیلاش قوم کی بیٹی نہیں رہیں، وہ پاکستان کی ہر اس بچی کی آواز بن گئی ہیں جسے کبھی یہ کہا گیا کہ ’یہ میدان تمہارے لیے نہیں۔‘ انہوں نے ثابت کیا کہ راستے کی دشواریاں منزل کا فیصلہ نہیں کرتیں، فیصلہ انسان کا حوصلہ کرتا ہے۔
آج جب کوئی سیاح کیلاش کی وادیوں میں جاتا ہے تو اسے صرف رنگین لباس، تہوار، دیودار کے جنگلات یا قدیم روایات ہی نہیں دیکھنی چاہییں۔ اسے وہاں ایک ایسی قوم بھی دکھائی دینی چاہیے جو اپنی شناخت کو بچاتے ہوئے جدید دنیا میں وقار کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ اسے ان پہاڑوں کے درمیان سائرہ جبین جیسی بیٹی بھی دکھائی دینی چاہیے جس نے ثابت کر دیا کہ روایت اور ترقی ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل بھی بن سکتی ہیں۔
قومیں صرف اپنی آبادی سے بڑی نہیں ہوتیں، اپنے کردار سے بڑی ہوتی ہیں۔ کیلاش کی آبادی شاید چند ہزار ہو، لیکن اس کی تہذیب پوری انسانیت کا مشترکہ سرمایہ ہے اور سائرہ جبین اس سرمایہ کی روشن ترین سفیر ہیں۔ ان کی کامیابی ہر اُس نوجوان کے لیے امید کا چراغ ہے جو وسائل کی کمی، معاشرتی رکاوٹوں یا جغرافیے کی سختیوں کو اپنی قسمت سمجھ بیٹھتا ہے۔
واقعی، اگر عزم زندہ ہو، محنت عبادت بن جائے اور والدین کی دعائیں ساتھ ہوں تو پہاڑ بھی راستہ دے دیتے ہیں۔ تب انسان صرف اپنی تقدیر نہیں بدلتا بلکہ پوری قوم کی تاریخ میں ایک نئی سطر لکھ دیتا ہے۔
ع: ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
یہاں سے اُٹھتے ہیں وہ لوگ جو زمانوں کو بدل دیتے ہیں۔
