پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام کے مطابق پونچھ ڈویژن کے ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر 10 اگست کو ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے انتخابات موخر کر دیے گئے ہیں جبکہ باقی اضلاع میں پولنگ شیڈول کے مطابق ہو گی۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں 27 جولائی کو میرپور ڈویژن میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابی حلقوں میں پولنگ ہوئی۔
دوسرے مرحلے میں 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن کے انتخابی حلقوں کے علاوہ پاکستان میں مقیم کشمیری پناہ گزینوں کے لیے مختص 12 نشستوں پر بھی پولنگ ہوئی۔
10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں پولنگ ہونا تھی، جو اس مرحلہ وار انتخابی عمل کا آخری مرحلہ تھا۔ تاہم اب امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر ضلع پونچھ اور ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری میں یہ انتخابات موخر کر دیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر قریشی نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں ضلع پونچھ اور پلندری میں انتخابات موخر کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری داخلہ کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں پونچھ اور پلندری میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی جبکہ ضلع باغ کے تین انتخابی حلقوں اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں حسبِ سابق 10 اگست کو پولنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورت حال سے متعلق تحفظات، بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے کمیشن کو دی گئی درخواستوں اور موجودہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان کے مطابق پونچھ اور پلندری کے انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرِ ثانی شدہ انتخابی شیڈول کا اعلان حالات کا مزید جائزہ لینے اور تمام متعلقہ امور کو مدنظر رکھتے ہوئے بعد ازاں کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات موخر کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورت حال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ انتخابات کا انعقاد آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور پرامن ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر مظفرآباد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں اس وقت امن ہے اور جن راستوں کو الیکشن کے لیے بلاک کیا گیا تھا، وہ سب کچھ اب کلئر کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز بھی تقریباً دو ماہ سے معطل ہیں جبکہ موبائل نیٹ ورک کی سروس بھی کئی علاقوں میں معمول کے مطابق دستیاب نہیں۔
پونچھ ڈویژن کا شہر راولاکوٹ بھی حالیہ عرصے میں احتجاج اور کشیدگی کا مرکز رہا ہے۔ یہاں ہونے والے پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران درجنوں مظاہرین جان سے گئے ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی بھی اموات ہوئیں۔ تاہم سرکاری طور پر اب تک ان اموات کی حتمی تعداد سامنے نہیں آئی ہے۔
