کشمیر انتخابات قواعد کے مطابق ہوئے، جھڑپوں کی رپورٹس کے باوجود پاکستان کا مؤقف

پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں جھڑپوں اور کشیدگی کی خبروں کے باوجود حالیہ انتخابات پر دفتر خارجہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ یہ الیکشن قواعد و ضوابط اور آئین کے مطابق منعقد ہوئے اور اس دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور سکیورٹی سے متعلق خدشات پر سفارتی سطح پر کوئی اعتراض موصول نہیں ہوا۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع میرپور میں 27 جولائی کو انتخابات کے پہلے مرحلے کا انعقاد ہوا تھا۔

اس دوران کشمیر میں احتجاج کی قیادت کرنے والی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے دعویٰ کیا کہ پولیس سے حالیہ جھڑپوں میں ان کے متعدد افراد جان سے گئے ہیں۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق تو نہیں ہو سکی، مگر سوشل میڈیا پر بعض ایسی ویڈیوز شیئر کی گئیں، جن میں پر تشدد جھڑپوں کو دیکھا گیا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی کئی تنظیموں نے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں سکیورٹی اور انسانی حقوق کی صورت حال پر سنگین خدشات کا اظہار کیا جبکہ برطانوی پارلیمان کے بعض ارکان نے بھی میرپور اور مظفرآباد کی سکیورٹی صورت حال کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انڈپینڈنٹ اردو نے ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی سے اس حوالے سے سوال کیا، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہے کہ ’سفارتی سطح پر‘ پاکستان کو اس حوالے سے کوئی اعتراض موصول ہوا ہو۔

ترجمان کا کہنا تھا: ’جہاں تک آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات کا تعلق ہے، وہ ریاست جموں و کشمیر کی آزاد حکومت کے قواعد و ضوابط اور آئین کے مطابق منعقد ہوئے اور جہاں تک بین الاقوامی خدشات کا تعلق ہے، میرے علم میں ایسا کوئی معاملہ نہیں جو سفارتی ذرائع سے باضابطہ طور پر پاکستان کے ساتھ اٹھایا گیا ہو۔ ممکن ہے آپ میڈیا میں آنے والے تبصروں یا رپورٹس کی بات کر رہے ہوں۔‘

طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ ’اس معاملے کو آزاد کشمیر کے محکمہ داخلہ، وزارت داخلہ اور وزارت امور کشمیر دیکھ رہی ہیں۔ اس مرحلے پر میں اس معاملے پر مزید تبصرے کے لیے آپ کو انہی متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے کا مشورہ دوں گا۔‘

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور پاکستان میں مقیم پناہ گزینوں کی 12 نشستوں پر دو اگست کو جبکہ پونچھ ڈویژن میں 10 اگست کو پولنگ ہونا ابھی باقی ہے۔

کشمیر میں حالیہ انتخابات کے دوران علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *