اس وقت ایران سے ’اچھی بات چیت‘ جاری ہے: صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کو کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اس وقت ’اچھی بات چیت‘ جاری ہے اور کسی ممکنہ معاہدے کا امکان موجود ہے۔

روئٹرز کے مطابق ایئر فورس ون کے ذریعے مشی گن جاتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے پاس ایران کے معاملے سے نمٹنے کے لیے ’کافی وقت‘ ہے اور ’اس بات کا اچھا امکان ہے کہ کچھ (معاہدہ) ہو سکتا ہے۔‘

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ روس سے ایران کی ممکنہ مدد کے حوالے سے بات کریں گے، خاص طور پر سیٹلائٹ تصاویر فراہم کرنے کے معاملے پر۔

ان کا کہنا تھا، “میں پوتن سے اس بارے میں پوچھوں گا، ہم معلوم کر ہی لیں گے۔‘

پیر ہی کو امریکی نیوز ویب سائٹ ایکیسوز سے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی حملے عارضی طور پر روکنے کا مقصد مذاکرات کو ایک اور موقع دینا ہے تاہم سفارتکاری ناکام ہونے کی صورت میں دوبارہ وسیع فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا: ’ہم ایران کے ساتھ انتہائی سنجیدہ بات چیت کر رہے ہیں۔ اگر یہ کامیاب نہ ہوئی تو ہم بہت سخت فوجی کارروائی کی طرف واپس جائیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ مذاکرات کے لیے زیادہ وقت دینے کے خواہاں نہیں، یا تو یہ ’تیزی سے کامیاب ہوں گے یا بالکل نہیں۔‘

ایکیسوز کے مطابق یہ مذاکرات بنیادی طور پر ایران اور عمان کے درمیان ہو رہے ہیں جبکہ قطر، پاکستان اور مصر کے ساتھ ساتھ ٹرمپ کے نمائندے سٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر  بھی اس عمل میں شریک ہیں۔ بات چیت کا مرکزی مقصد آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنا اور ایک جامع جوہری معاہدے کی بحالی ہے۔

اس پس منظر میں، ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے جمعے کو حملے روکنے کا فیصلہ خطے کے ممالک اور ثالثوں کے اصرار پر کیا، جنہوں نے مذاکرات کو ایک اور موقع دینے کی درخواست کی تھی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بقول: ’ایران کے ساتھ معاملات کرنے والے سب لوگوں نے مجھ سے کہا کہ حملہ نہ کریں۔‘

امریکی صدر نے اس فیصلے کے معاشی اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حملے روکنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی اور سٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی۔

ادھر ٹرمپ منگل کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وہ نیتن یاہو کو باور کرائیں گے کہ اگر وہ صدر نہ ہوتے تو ایران اب تک جوہری ہتھیار حاصل کر چکا ہوتا اور اسرائیل کو شدید خطرات لاحق ہوتے۔

امریکی بحریہ کی ایرانی ناکہ بندی پر جاری

امریکی سنٹرل کمانڈ نے پیر کو کہا ہے کہ امریکی افواج ایرانی ناکہ بندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہیں اور اس دوران 17 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا گیا، دو کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ دو جہازوں پر سوار ہو کر تلاشی لی گئی۔

سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کے بحری جنگی جہاز ایران کے خلاف امریکی ناکہ بندی کے لیے کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *