سری لنکا پریمیئر لیگ کی ٹیم کے انڈین مالک رشوت کے الزام میں گرفتار

سری لنکا میں پولیس نے جمعے کو لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) کی ایک ٹیم کے انڈین شریک مالک کو کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر رشوت دینے کی کوشش کے شبہے میں گرفتار کر لیا۔

یہ گرفتاری ٹورنامنٹ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل عمل میں آئی۔

سپورٹس انویسٹی گیشن یونٹ کے انسپکٹر سپون ویداناگے نے بتایا کہ ملزم کو، جس کی شناخت منجوت کلرا کے نام سے ہوئی ہے، کولمبو کے ایک ہوٹل سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ایک کھلاڑی کو 95 لاکھ سری لنکن روپے (28,700 ڈالر) ادا کرنے والا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کلرا کو جلد ہی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ویداناگے کے مطابق، تقریباً 10 روز قبل جب اس کھلاڑی سے پہلی بار رابطہ کیا گیا تو اس نے پولیس کو اطلاع دے دی تھی۔ تاہم انہوں نے کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا۔ دو دیگر کھلاڑیوں سے بھی رابطہ کیا گیا تھا۔

جزیرے میں کرکٹ کے نگران ادارے سری لنکا کرکٹ نے کہا ہے کہ مقامی ٹی 20 ٹورنامنٹ جمعے کی رات دارالحکومت کولمبو میں شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

ٹورنامنٹ کے چھٹے ایڈیشن کا افتتاحی میچ جافنا اور گال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ کلرا جافنا ٹیم کے شریک مالک ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بورڈ نے ایک بیان میں کہا: ’سری لنکا کرکٹ ٹورنامنٹ کی شفافیت اور ساکھ کے تحفظ کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے اور لیگ سے وابستہ کسی بھی فریق کی جانب سے بدعنوانی، بدسلوکی یا کسی بھی قسم کی دھاندلی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔‘

ماضی میں بھی ایل پی ایل کے ٹورنامنٹس بدعنوانی کے الزامات کی زد میں رہے ہیں۔

جنوری میں سری لنکا کی ایک عدالت نے ایل پی ایل کی ایک ٹیم کے برطانوی مالک کو میچ فکسنگ کے مقدمے میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی، تاہم یہ سزا معطل کر دی گئی تھی۔

بنگلہ دیش میں پیدا ہونے والے تمیم رحمان نے، جو دمبولا تھنڈرز ٹیم کے مالک ہیں، ایک کھلاڑی پر اثر انداز ہونے اور سٹے بازی کا انتظام کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا تھا۔

رحمان کو چار سال قید کی سزا سنائی گئی، جسے پانچ سال کے لیے معطل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ان پر دو کروڑ 40 لاکھ سری لنکن روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *