فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کے فاتحین کو پہلی بار ٹرافی اور گولڈ میڈلز کے ساتھ خصوصی چیمپیئن شپ رنگز (یادگاری انگوٹھیاں) بھی دی جائیں گی، جس سے امریکی کھیلوں کی ایک مشہور روایت عالمی فٹ بال کا حصہ بن جائے گی۔
ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 19 جولائی کو نیویارک نیو جرسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں سپین اور ارجنٹینا عالمی اعزاز کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔ فاتح ٹیم نہ صرف ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کرے گی بلکہ اسے یہ خصوصی یادگاری انگوٹھیاں بھی دی جائیں گی۔
فیفا کے مطابق یہ پہلا موقع ہو گا کہ اس کے کسی بڑے ٹورنامنٹ میں فاتحین کو چیمپیئن شپ رنگز سے نوازا جائے گا۔ یہ روایت امریکی کھیلوں، خصوصاً این ایف ایل، این بی اے اور میجر لیگ بیس بال میں خاص شہرت رکھتی ہے، جہاں چیمپیئن ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچز کو یادگار کے طور پر خصوصی انگوٹھیاں دی جاتی ہیں۔
صرف 2026 انگوٹھیاں
فیفا نے اس منفرد منصوبے کے تحت صرف 2,026 خصوصی نمبر شدہ انگوٹھیاں تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو براہ راست ورلڈ کپ 2026 کی مناسبت سے بنائی جائیں گی۔
ان میں سے: 30 انگوٹھیاں فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم حکام کو دی جائیں گی۔
1,996 انگوٹھیاں دنیا بھر کے شائقین کے لیے سرکاری لائسنس یافتہ مصنوعات کے طور پر فروخت کی جائیں گی۔
فیفا کا کہنا ہے کہ اس طرح فٹ بال کے مداح ورلڈ کپ 2026 کی تاریخ کا ایک منفرد اور یادگار حصہ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انگوٹھی پر کیا ہوگا؟
فیفا کے مطابق ہر انگوٹھی کے ایک حصے پر فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر نمایاں ہوگی، جبکہ دوسرے حصے کو فاتح ٹیم کی شناخت کے مطابق خصوصی طور پر ڈیزائن کیا جائے گا۔
ہر انگوٹھی منفرد نمبر کے ساتھ تیار کی جائے گی، وصول کرنے والے کے مطابق خاص سائز میں بنائی جائے گی اور اس کے ساتھ اصلیت کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔
فیفا نے بتایا کہ فائنل ختم ہونے کے فوراً بعد فاتح ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کو یادگار کے طور پر عارضی انگوٹھیاں پیش کی جائیں گی۔
بعد ازاں فاتح ٹیم کے لیے مختص تمام 30 انگوٹھیاں انفرادی ضروریات کے مطابق تیار کی جائیں گی اور ایک علیحدہ تقریب میں باضابطہ طور پر پیش کی جائیں گی، تاکہ ہر فاتح کو ایسی انگوٹھی مل سکے جو زندگی بھر اس تاریخی کامیابی کی یاد دلاتی رہے۔
فیفا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی کامیابی کو مزید منفرد انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ انگوٹھیاں نہ صرف عالمی اعزاز کی علامت ہوں گی بلکہ اس تاریخی ٹورنامنٹ کی ایک دائمی یادگار بھی بنیں گی، جو فاتح کھلاڑیوں کے کیریئر کا حصہ بن کر ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔
