سعودی عرب نے کویت، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق ’سعودی عرب کی وزارت خارجہ، کویت کی متعدد سرحدی چوکیوں، کویت آئل کمپنی کے سمندر میں قائم ڈرلنگ پلیٹ فارم، عراق کے شہر بصرہ میں قائم ریاستِ کویت کے قونصل خانے، اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے متحدہ عرب امارات کے دو آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتی ہے۔‘
#Statement | The Foreign Ministry expresses the Kingdom of Saudi Arabia’s strongest condemnation and denunciation of the attacks targeting a number of Kuwaiti border posts and an offshore drilling platform belonging to the Kuwait Oil Company, as well as the attacks targeting the… pic.twitter.com/echy2NtflT
— Foreign Ministry (@KSAmofaEN) July 14, 2026
سعودی وزارت خارجہ نے اس کے ساتھ ساتھ ایران کی جانب سے اردن کی ہاشمی مملکت، مملکتِ بحرین اور ریاستِ قطر پر حملوں کے ذریعے خطے کے امن اور استحکام کو مسلسل خطرات سے دوچار کرنے کے اقدامات کی بھی شدید مذمت کی ہے۔
مملکتِ سعودی عرب ان برادر ممالک کی خودمختاری کی ایران کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ایران کا مسلسل اشتعال انگیز اور عدم استحکام پیدا کرنے والا طرزِ عمل نہ صرف خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے منشور، اسلامی تعاون تنظیم کے منشور اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب ایران کو اس کے مسلسل کھلے حملوں کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرے تاکہ خطے کے امن، استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مملکتِ سعودی عرب اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے برادر ممالک کی جانب سے کیے جانے والے تمام اقدامات میں ان کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
