بلوچستان کے ضلع واشک میں اتوار کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد جان سے چلے گئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاست پاکستان پر حملہ قرار دیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
واشک پولیس کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واشک کے علاقے ماشکیل بازار میں تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ مسلح افراد نے ایک حجام کی دکان پر بیٹھے افراد کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
انہوں نے بتایا فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی جان سے گئے۔
پولیس اہلکار کے مطابق مقتولین کی شناخت محمد حسن، عبدالقادر، محسن اور بلال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ پانچویں شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
انہوں نے بتایا مقتولین کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے تھا۔
واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے سیاسی مشیر شاہد رند نے کہا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ مقتول صرف پنجابی مزدور نہیں تھے بلکہ وہ پاکستان کے شہری، محنت کش اور ہمارے بھائی تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا جبکہ پاکستانی شہریوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
