امریکہ: شدید گرمی سے ٹرک میں موجود ہزاروں پاؤنڈ چٹنی بہہ گئی

گذشتہ ہفتے اوہائیو میں شدید گرمی کی لہر کے دوران سیمی ٹرک سے 40 ہزار پاؤنڈ فرینکس ریڈ ہاٹ ہاٹ سوس یا چٹنی بہہ گئی۔

یہ مصالحہ دار مادہ منگل کو ٹرک سے اس وقت بہنا شروع ہوا جب وہ شمالی ڈیلاویئر کاؤنٹی میں انٹرسٹیٹ 71 پر شمال کی جانب سفر کر رہا تھا، جہاں درجہ حرارت 100 درجے فارن ہائٹ سے تجاوز کر گیا۔

ٹرک نے اپنے راستے میں سرخ رنگ کی لکیر چھوڑ دی جس کی مدد سے آگ بجھانے والا عملہ اس تک پہنچ گیا۔

برک شائر، سنبری، ٹرینٹن اور گیلینا کے فائر چیف کرس کووچ نے جریدے دا کولمبس ڈسپیچ کو بتایا، ’ہمارا عملہ ہائی وے پر اس کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہا تھا اور درحقیقت وہ اس لکیر کا پیچھا کرتے ہوئے ڈرائیور تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔‘

رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے عملے نے اوہائیو انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو سوس کے اخراج بارے میں آگاہ کیا، اور عملے نے تیزابی سوس کو کسی بھی نالے میں جانے یا ماحولیاتی مسائل پیدا کرنے سے روکنے کے لیے کنٹینمنٹ پولز اور دیگر ہیزمیٹ مواد کا استعمال کیا۔

کرس کووچ نے کہا کہ سوس کے اخراج کی ذمہ دار ٹرک کمپنی صفائی کرنے والی ایک کمپنی کا بندوبست کر رہی ہے تاکہ اس سوس کو صاف کیا جا سکے۔

فائر کمپنی نے فیس بک پر اس واقعے کے بارے میں ایک مزاحیہ پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا تھا کہ ’یہ ان پیشوں میں سے ایک ہے جہاں آپ کبھی نہیں جانتے کہ آپ کا کس چیز سے سامنا ہونے والا ہے۔‘

پوسٹ میں مزید کہا گیا، ’آج شام، عملے کو 71 پر بلایا گیا کیوں کہ ایک سیمی ٹرک سے کچھ بہہ رہا تھا۔ بالآخر، یہ سیمی ٹرک ہائی وے سے اتر کر ایک ٹرک سٹاپ پر پہنچ گیا۔

’یہ پراسرار مادہ دراصل 40 ہزار پاؤنڈ فرینکس ریڈ ہاٹ سے بھرا ہوا ٹریلر نکلا جس میں سوس بہہ رہی تھی۔‘

اگرچہ کرس کووچ نے اس ناقابل یقین صورت حال میں موجود مزاح کو تسلیم کیا، لیکن انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس اخراج کے نتیجے میں کچھ گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا ہو گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کرس کووچ نے کہا: ’بہت سے لوگ حیران تھے، اور ظاہر ہے کہ وہ اس کا مزاحیہ پہلو دیکھتے ہیں، لیکن اس کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ کچھ کاریں اور بہت سی دوسری گاڑیاں ہیں جنہیں ممکنہ طور پر نقصان پہنچا ہو گا۔‘

’میری سمجھ کے مطابق اسے صاف کرنا بہت مشکل ہے۔‘

رپورٹ کے مطابق، ایک شخص نے اوہائیو کے مقامی فیس بک پیج پر لکھا کہ اس نے کار واش پر 30 ڈالر خرچ کیے اور اس کے باوجود ہاٹ سوس کے دھبے اس کی گاڑی پر موجود تھے۔

لیفٹیننٹ رابرٹ کری نے دی کولمبس ڈسپیچ کو بتایا کہ اوہائیو سٹیٹ ہائی وے پیٹرول سوس کے اخراج کی ذمہ دار ٹرک کمپنی کو چالان جاری کر سکتی ہے، لیکن ابھی تک ایسا نہیں کیا گیا۔

رابرٹ کری نے کہا کہ ہاٹ سوس کے اخراج سے متاثر ہونے والے ڈرائیور اپنی انشورنس کمپنی سے معاوضہ طلب کر سکتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *