پاکستان اور ترکی تجارتی حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے پرعزم: شہباز شریف

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ہمراہ ہفتے کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے پاکستان اور ترکی کی شراکت داری کو نئی جہت دینی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کامیابی ترکی کی کامیابی اور ترکی کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے۔

استنبول میں ہفتے کو ترک صدر رجب طیب اردوغان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں عالمی و علاقائی تنازعات پر دونوں ممالک کے مشترکہ مؤقف اور تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قبرص کے مسئلے پر ترکی کے مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف رکھنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد پوری دنیا نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیلی انتظامیہ امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے اشتعال انگیز کارروائیاں کر رہی ہے اور اپنی سیاسی بقا کے لیے کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے۔‘

 

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی خطے میں امن اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

 ان کا کہنا تھاکہ ’پاکستان اور ترکی ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ امن اور خوشحالی کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر اردوغان کی قیادت میں ترکی کی تمام شعبوں میں بے مثال ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کو ترکی کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔ بی ٹو بی فورم میں ترکیہ کی کاروباری شخصیات سے اہم نشست ہوئی۔ صدر اردوغان کے ساتھ جامع اور تعمیری بات چیت ہوئی۔ ہم نے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری میں اضافے پر گفتگو کی۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع، توانائی، آئی ٹی، ٹرانسپورٹیشن اور منرلز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی تجارت کا حجم پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

 ترکی کے صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور امن اور خوشحالی کے لئے کوششوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے امن ، ترقی اور خوشحالی کےلئے پاکستان کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا۔ 

انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اضافے سے متعلق گفتگو کی۔ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالےسے متعلقہ وزارتیں قریبی روابط جاری رکھیں گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *