سوراب: ایس پی ہاؤس پر حملہ، گاڑیوں اور کمروں کو نذر آتش کر دیا گیا

بلوچستان میں ہفتے اور اتوار کو عسکریت پسندی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں جن میں سوراب میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایس پی ہاؤس پر حملہ کر دیا اور سرکاری گاڑیوں اور رہائشی کمروں کو نذر آتش کرنا شامل ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب متعدد افراد، جو جدید اسلحے سے مسلح تھے، سوراب شہر میں داخل ہو گئے۔

مسلح افراد نے توڑ پھوڑ کے بعد ایس پی کے دفتر اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ سکیورٹی فورسز کے شہر میں داخل ہونے پر مسلح افراد فرار ہو گئے۔

قلات میں گذشتہ شب کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وکیل ملک زرک خان اور اس کے ساتھی شدید زخمی ہو گئے، جنہیں بعد میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بابر یوسفزئی نے بتایا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

اتوار کو وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما الونڈکانی بگٹی جان قتل کر دیے گئے۔ مقتول چیف منسٹر بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے قریبی ساتھی رستم بگٹی کے والد تھے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں ملک دشمن عناصر ملوث ہیں۔

رکن اسمبلی زرین خان مگسی نے بتایا کہ ہفتے کو مسلح افراد نے جھل مگسی میں گورنر ہاؤس کے سب آفس پر دھاوا بولا اور عمارت کے ساتھ موجود گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

مسلح افراد جاتے ہوئے ڈی ایس پی کے بھانجے سمیت دو افراد کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے ان واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے مغوی افراد کی بازیابی کی ہدایت کی ہے۔

ہفتے کو کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسلح افراد نے نوشکی کے قریب روڈ بلاک کر کے ایران سے ایل پی جی گیس سپلائی کرنے والے دو باؤزرز پر فائرنگ کر دی، جس سے دونوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ مسلح افراد بعد میں مقامی پہاڑوں کی جانب فرار ہو گئے۔

بلوچستان، جس کی سرحدیں ایران اور افغانستان سے ملتی ہیں، گذشتہ کئی دہائیوں سے علیحدگی پسندی کا سامنا کر رہا ہے جس میں سکیورٹی فورسز، بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور شہریوں پر حملے شامل ہیں۔

پاکستان نے حالیہ دنوں میں علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *