افغان طالبان کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹ پر روسی نوجوان پر 100 پاؤنڈ جرمانہ

ایک روسی نوجوان کو سوشل میڈیا پر افغان طالبان کے بارے میں ایک پوسٹ پر توہین آمیز تبصرہ کرنے پر مبینہ طور پر 10,000 روبل (تقریباً 103 پاؤنڈ) جرمانہ کیا گیا ہے۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب ماسکو نے افغانستان کی اس تحریک کے رہنماؤں کی میزبانی کر کے سفارتی تعلقات مضبوط کرنے کی کوشش کی۔

روس سے متعلق خبریں دینے والے ادارے ’میڈیوزا‘ نے ٹیلی گرام چینل ’اوسٹوروژنو نووستی‘ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ19  سالہ یگور اے پر 5 جون کو روس کے شہر روستوف آن ڈان کی ایک عدالت نے جرمانہ عائد کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یگور کے وی کے (VK) نامی روسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کیے گئے تبصرے کا سکرین شاٹ ظاہر کرتا ہے کہ یہ ایک ایسی پوسٹ کے نیچے کیا گیا تھا، جس میں لکھا تھا کہ ’طالبان روس کو گرینیڈز، کشمش، کوکاکولا، قالین اور کپاس سے بھر دیں گے۔‘

اس کے جواب میں یگور نے لکھا: ’یہ لوگ روس میں کیا کر رہے ہیں، غاروں میں رہنے والے۔۔۔‘

دی انڈپینڈنٹ اس اصل پوسٹ اور یگور کے تبصرے کی تصدیق نہیں کر سکا۔

عدالت نے قرار دیا کہ یہ تبصرہ نسلی منافرت کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔

پراسیکیوٹرز نے یگور کی دو دیگر پوسٹس کی بھی نشاندہی کی جن میں اس نے ملک میں تارکین وطن کے خلاف تشدد کی اپیل کی تھی۔ میڈیوزا کے مطابق ملزم نے جرم قبول کیا اور ندامت کا اظہار کیا۔

روس کئی مغربی ممالک کے برعکس طالبان کو افغانستان کی قانونی حکومت کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔ روس کی سپریم کورٹ نے گذشتہ سال اپریل میں طالبان کی ’دہشت گرد‘ تنظیم کی حیثیت ختم کر دی تھی۔

2003  میں عائد کی گئی یہ حیثیت روس میں طالبان سے کسی بھی قسم کے رابطے کو جرم بناتی تھی۔

اس فیصلے کے بعد روسی حکام افغانستان کے استحکام کے لیے طالبان سے روابط بڑھانے پر زور دے رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں طالبان رہنماؤں کو روس کے مختلف فورمز میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ مئی میں افغان وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے ماسکو کا دورہ کیا اور ’بین الاقوامی سلامتی فورم‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے روس کے ساتھ سوویت دور کے افغان اسلحے کی مرمت اور بحالی کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

روسی سفیر دیمتری زرنوف کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات بھی بڑھ رہے ہیں اور افغانستان روس کو سافٹ ڈرنکس، مصالحہ جات اور خشک میوہ جات برآمد کر رہا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *