مانچسٹر سے سوات تک: خاتون بائیکر کا 36 دنوں پر محیط منفرد سفر

برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے  موٹر بائیک پر سفر شروع کرنے والی پاکستانی نژاد خاتون بائیکر گل افشاں طارق نے اکیلے موٹر بائیک پر 36 دنوں میں مختلف ممالک کا سفر طے کر کے پاکستان کے علاقے سوات پہنچ کر ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔

انڈپنڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے گل افشاں طارق نے بتایا کہ انہوں نے 11 مارچ کو اپنے سفر کا آغاز کیا۔

گل افشاں نے بتایا کہ ’میں مانچسٹر سے نکلی اور مختلف یورپی اور ایشیائی ممالک سے ہوتی ہوئی اکیلے پاکستان پہنچی۔ میری ساڑھے تین سالہ بیٹی اور شوہر ہوائی جہاز کے ذریعے پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے تھے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ان کے اس سفر کا مقصد ’ویلز فار فریڈم‘ کا پیغام دینا تھا، جس کے ذریعے وہ خواتین کو خودمختاری اور اعتماد کے ساتھ سفر کرنے کی ترغیب دینا چاہتی ہیں۔

گل افشاں کے مطابق ان کا یہ سفر مجموعی طور پر 36 دنوں پر مشتمل تھا، جس کا اختتام لاہور میں ہوا۔ اس دوران وہ فرانس، سوئٹزرلینڈ، اٹلی، یونان، ترکی اور پھر پاکستان پہنچیں۔

اپنے سفر کے یادگار لمحات بیان کرتے ہوئے وہ کہتی ہیں: ’اگرچہ پورے سفر میں کئی یادگار لمحات تھے، لیکن ایک واقعہ میں کبھی نہیں بھول سکتی۔ ترکی کے پہاڑی علاقے سے گزرتے ہوئے شدید طوفان تھا، اسی دوران ایک باز میرے بہت قریب، آنکھوں کی سطح پر سے گزرا۔ اس لمحے نے مجھے اللہ کی قدرت کا شدت سے احساس دلایا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گل افشاں نے اپنے سفر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ خطے میں کشیدگی اور جنگ کے خدشات کے باعث صورت حال غیر یقینی تھی، خاص طور پر ایران سے گزرنے کے حوالے سے وہ فکرمند رہیں۔

’میں ہر رات خبریں دیکھتی تھی کہ حالات کب بہتر ہوں گے، کیونکہ مجھے ایران سے گزرنا تھا۔ اس کے علاوہ کچھ مقامات پر مجھے پیڑول بھی دگنی قیمت پر خریدنا پڑا، جس سے مالی مشکلات بھی پیش آئیں۔‘

تمام تر چیلنجز کے باوجود وہ اپنے سفر کو جاری رکھتی رہیں اور بالآخر اپنی منزل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئیں۔

اپنے پیغام میں گل افشاں طارق کا کہنا تھا: ’میرا یہی پیغام ہے کہ اگر ہم باہمت ہوں اور اپنے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔ اگر میں یہ سفر کر سکتی ہوں تو دیگر خواتین بھی اپنے خواب پورے کر سکتی ہیں۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *