ممبئی انڈینز کے کپتان ہردک پانڈیا نے ٹورنامنٹ میں لگاتار تیسری شکست کے بعد کہا ہے کہ ان کی ٹیم کو اب دوبارہ سے حکمت عملی پر کام کرنا پڑے گا۔
انڈین پریمیئر لیگ میں اتوار کو بڑے بڑے ناموں سے بھری ممبئی انڈینز کو رواں سیزن میں لگاتار تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں ویراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بینگلور نے 18 رنز سے ہرا دیا۔
ممبئی انڈینز کے لیے یہ ایک انتہائی مایوس کن آغاز ہے کیونکہ اگر ان کے سکواڈ پر نظر ڈالی جائے تو آپ کو اس میں روہت شرما، رائن رکلٹن، کوئنٹن ڈی کاک، سوریا کمار یادیو، ہردک پانڈیا، تلک ورما اور جسپریت بمراہ جیسے بڑے بڑے نام دکھائی دیں گے۔
اتنے بڑے ناموں کے باوجود ممبئی انڈینز رواں سیزن میں پہلا میچ جیتنے کے بعد لگاتار تین میچز ہار چکی ہے، اور اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔
رائل چیلنجرز بینگلور سے 240 رنز پڑنے کے بعد 222 رنز تک ہی پہنچنے پر کپتان ہردک پانڈیا نے پریزینٹیشن کے موقع پر کہا کہ ’بہت سے چیزوں پر دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے۔ مگر ہمیں بیٹ اور بال سے دوسرے آپشنز جو ہمارے پاس ہیں انہیں بھی دیکھنا ہوگا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ہردک پانڈیا نے کہا کہ ’ہمیں اب بھی اچھی بیٹنگ اور بولنگ کرنا ہوگی۔ اگر آپ ایسا کرتے ہیں، چاہے ٹاس کا فیصلہ کچھ بھی ہو، ہم اچھا ہی کریں گے۔‘
انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کے علاوہ مہیندر سنگھ دھونی کی چنئی سپر کنگز اور کوکلتہ نائٹ رائڈر بھی دو ایسی ٹیمیں ہیں جو ٹورنامنٹ میں صحیح کامبینیشن اور جیت کی تلاش میں دکھائی دے رہی ہیں۔
اس وقت چنئی سپر کنگز نویں اور کوکلتہ نائٹ رائڈرز پوائنٹس ٹیبل پر 10ویں نمبر پر ہیں جبکہ نوجوان اور جارحانہ اوپنرز سوریاونشنی اور جیسوال کی راجستھان رائلز لگاتار چار فتوحات کے ساتھ پہلے اور پنجاب کنگز دوسرے نمبر پر ہے۔
