بولی وڈ کے معروف اداکار وکرانت ماسے نے حال ہی میں ٹیلی ویژن انڈسٹری میں بیتے اپنے ابتدائی ایام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کٹھن معمولات اور آزمائشوں پر روشنی ڈالی، جنہوں نے ان کے فنی سفر کے خدوخال مرتب کیے۔
’اَن فلٹرڈ بائے سمدیش‘ نامی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وکرانت نے ان انتہائی کٹھن حالات کار کا بے باکی سے احوال بیان کیا جو کبھی ٹی وی اداکاروں کے لیے ایک معمول سمجھے جاتے تھے۔
سیٹ پر طویل دورانیے تک کام کرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ان کے ٹیلی ویژن کیریئر کے ابتدائی دور میں کام کے اوقات جسمانی تھکن اور اذیت کا باعث بن جاتے تھے۔
وکرانت نے بتایا ’ان دنوں فن کار 18 سے 20 گھنٹے تک شوٹنگ کرتے تھے۔ ایک وقت ایسا بھی آیا جب مجھے بغیر رکے مسلسل 110 گھنٹے شوٹنگ کرنا پڑی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ کس طرح پروڈکشن کے اس افراتفری بھرے ماحول میں اداکاروں کا اپنے وقت یا کام کے بوجھ پر کوئی اختیار نہیں رہتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس مجھے بطور ’فلر‘ استعمال کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔
دن کی شفٹیں رات کی شفٹوں میں مدغم ہو رہی تھیں۔ وقت کا کوئی احساس ہی باقی نہ رہا تھا۔
انہوں نے کہا دلچسپ بات یہ ہے کہ جب بالآخر پیک اپ ہوا تو وہ بھی ان کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ ایک اداکار جو صبح 10 بجے سیٹ پر آئے شام کو ناراض ہو کر چلے گئے۔
اس جان لیوا اور کٹھن روٹین کے باوجود وکرانت نے اعتراف کیا کہ ٹیلی ویژن نے انہیں نسبتاً کم عمری میں ہی خاصی حد تک مالی استحکام بخشا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا ’میں نے ٹی وی سے کافی پیسہ کمایا۔ 24 سال کی عمر میں، میں نے اپنا پہلا گھر خریدا۔
’مگر اس کے ساتھ ساتھ ٹی وی پر وہ سارا فرسودہ اور دقیانوسی مواد بھی چل رہا تھا اور مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اس دنیا سے نکل کر سینیما میں قسمت آزما کر دیکھنی چاہیے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا اگرچہ اس دور میں ان کی آمدن میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا، لیکن کام کے اس کٹھن طرز زندگی نے ان کی ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کرنا شروع کر دیا تھا۔
’وقت گزرنے کے ساتھ انہیں اس بات کا ادراک ہوا کہ تخلیقی اور جذباتی سطح پر خود کو برقرار رکھنے کے لیے محض مالی ترقی ہی کافی نہیں۔‘
بالآخر وکرانت نے فلموں کی جانب قدم بڑھایا، جہاں انہوں نے مختلف اصناف میں اپنی جاندار اور باریک بین اداکاری کے بل بوتے پر ایک منفرد پہچان بنا لی۔
