لندن کے میئر صادق خان کی سکیورٹی پر مامور مسلح پولیس اہلکار مبینہ طور اسلحہ اور گولہ بارود سے بھرا ایک بیگ ان کے جنوبی لندن میں واقع گھر کے باہر چھوڑ گئے، جسے بعد میں ایک شہری نے دریافت کیا۔
جارڈن گریفتھس نامی ایک تعمیراتی کارکن نے اخبار دی سن کو بتایا کہ ان کی گرل فرینڈ نے منگل کی شام سڑک کے کنارے رکھا ہوا یہ بیگ دیکھا۔
بغیر نگرانی چھوڑے گئے اس بیگ کے اندر ایک ایم پی فائیو نیم خودکار ہیکلر اینڈ کوچ کاربائن، ایک گلاک پستول، ایک ٹیزر اور مختلف اقسام کی گولیاں موجود تھیں۔
جارڈن گریفتھس یہ خطرناک اشیا دیکھ حیران رہ گئے۔
انہوں نے دی سن کو بتایا: ’مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا اور میں نے ثبوت کے طور پر اس کی تصاویر بھی بنائیں۔
’میں نے پولیس کو فون کیا اور بتایا کہ مجھے کیا ملا ہے، جس کے چند منٹ بعد وہ ہتھیار لینے پہنچ گئے۔
’جب وہ آئے تو وہ بھی کافی حیران تھے۔ انہوں نے بیگ کو غور سے دیکھا اور جلدی سے اسے لے گئے۔
’مجھے بتایا گیا کہ یہ بیگ صادق خان کی سکیورٹی پر مامور ایک اہلکار کا تھا، جو سمجھ میں آتا ہے کیونکہ وہ یہاں رہتے ہیں۔‘
میٹروپولیٹن پولیس کے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل سٹینڈرڈز اس واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ پانچ اہلکاروں کو فرنٹ لائن ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
لندن پولیس نے ایک بیان میں کہا: ’رات تقریباً 9:40 بجے ایک شہری نے پولیس کو اطلاع دی کہ جنوبی لندن کی ایک سڑک پر میٹروپولیٹن پولیس کے جاری کردہ اسلحے اور ٹیزر پر مشتمل بیگ ملا ہے۔
کال موصول ہونے کے سات منٹ کے اندر افسران موقع پر پہنچے اور اشیا کو محفوظ طریقے سے تحویل میں لے لیا۔
ہم اس واقعے کے حالات کا فوری جائزہ لے رہے ہیں اور اس سے پیدا ہونے والی تشویش کو تسلیم کرتے ہیں۔‘
پولیس کے مطابق: ’ابتدائی طور پر یہ سمجھا جا رہا ہے کہ بیگ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے کچھ دیر پہلے غلطی سے رہ گیا تھا، جسے بعد میں شہری نے دریافت کیا۔
ہم اس تشویش کو تسلیم کرتے ہیں اور واقعے کی فوری اندرونی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘
میئر لندن صادق خان کے ترجمان نے کہا: ’یہ ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے، جسے میٹروپولیٹن پولیس کے ڈائریکٹوریٹ آف پروفیشنل سٹینڈرڈز کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ اب پولیس کو تمام ضروری اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ آئندہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔‘
