کراچی کی فلاحی تنظیم چھیپا کا کہنا ہے کہ جمعرات کو شہر میں شدید بارشوں کے دوران دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں کم از کم چھ افراد جان سے گئے، جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
شہر قائد میں جمعرات کو وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا، جس سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔
شہر کی اہم سڑک شاہراہ فیصل کے علاوہ کئی راستے اور علاقے زیر آب آئے جس سے ٹریفک میں خلل بھی پیدا ہوا۔
بارش اور ہواؤں کی وجہ سے شہر مٰن کئی حادثات پیش آئے جن میں چھ افراد جان سے گئے اور تین زخمی ہوئے۔
گذشتہ کئی روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں خصوصاً خیبر پختونخوا، سندھ، بالائی پنجاب، اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی اور ارد گرد کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جن کی وجہ سے کئی حادثات بھی پیش آ چکے ہیں۔
کراچی میں ریسکیو حکام کے مطابق گذشتہ بدھ کو ہونے والی شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث متعدد حادثات میں 16 افراد جان سے گئے تھے۔
خیبر پختونخوا کے پی ڈی ایم اے نے پیر کو بتایا تھا کہ صوبے میں 25 مارچ سے بارشوں کے سبب ہونے والے حادثات میں 17 افراد کی جان جا چکی ہے۔
یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، دیر اپر، باجوڑ، بٹگرا م اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
نجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے کے جنوبی اضلاع ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 2 سے 4 اپریل کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا کہ ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان)، راجن پور اور کوہ سلیمان میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جو 2 سے 4 اپریل کے دوران جاری رہنے کی پیشنگوئی ہے۔
بیان میں ترجمان نے مزید بتایا کہ متوقع بارشوں کے باعث رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کراچی میں اموات
چھیپا کے مطابق، کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں بسم اللہ ہوٹل کے قریب گھر کی دیوار رکشے پر گرنے سے 40 سالہ ڈرائیور جاں سے گیا، جبکہ اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ مدینہ ہوٹل کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے، بشمول 13 سالہ قاسم ولد عبدالحمید، 14 سالہ امیر معاویہ ولد شفیق الرحمان اور سات سالہ رحمان ولد شاہ نواز زخمی ہوئے۔
اسی طرح سرجانی حسن بروہی گوٹھ بشیر چوک کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک 23 سالہ شخص کی موت ہوئی، جبکہ پی آئی بی کالونی کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک 30 سالہ مزدور جان سے گیا۔
چھیپا نے مزید بتایا کہ سرجانی سیکٹر سیون اے کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک 12 سالہ بچی جاں سے گئی، جبکہ ایم اے جناح روڈ سیون ڈے کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک 30 سالہ شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
سپرہائی وے احسن آباد جام قرار مدرسے میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص مارا گیا۔
چھیپا کے مطابق جان سے جانے والوں اور زخمیوں کو چھیپا ایمبولینسز کے ذریعے عباسی اور سول ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
