’پروجیکٹ ہیل میری‘ 2026 کی اب تک کی کامیاب ترین فلم بن گئی

سائنس فکشن فلم ’پروجیکٹ ہیل میری‘باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے اور ایک بڑے فرینچائز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہالی وڈ فلم بن گئی ہے۔

رائن گوسلنگ کی سائنس فکشن فلم نے اپنے دوسرے ویک اینڈ پر 5.45 کروڑ ڈالر کمائے، جس سے اس کی مقامی مجموعی کمائی 16.4 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ سٹوڈیو کے اتوار کو جاری کردہ تخمینوں کے مطابق، اس کامیابی نے اسے 2026 کے لیے ریاستہائے متحدہ کے باکس آفس چارٹ میں ٹاپ پر پہنچا دیا ہے۔

اس بلاک بسٹر نے جیمز کیمرون کی ’ایواٹتار: فائر اینڈ ایش‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جو سال کے پہلے تین مہینوں تک باکس آفس پر حاوی رہی تھی۔ دسمبر میں ریلیز ہونے والی اواتار فرینچائز کی اس تازہ ترین فلم نے 2026 میں اب تک مقامی طور پر 15.37 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

فل لارڈ اور کرس ملر کی ہدایت کاری میں بننے والی ’پروجیکٹ ہیل میری‘ نے اپنے دو ہفتوں کے دوران پہلے ہی کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ایمیزون ایم جی ایم کی اس فلم کی تیاری پر 200 ملین ڈالر لاگت آئی اور یہ دنیا بھر میں پہلے ہی 30 کروڑ ڈالر کما چکی ہے۔

اس نے اس ویک اینڈ پر ریلیز ہونے والی وارنر برادرز کی نئی ہارر مووی ’دے ول کل یو‘ کو بھی شکست دے دی، جو مقامی طور پر صرف پانچ ملین ڈالر کما سکی۔ گوسلنگ کی اس خلائی داستان کے پیچھے، اینیمیٹڈ فیملی مووی ’ہاپرز‘ اپنے چوتھے ویک اینڈ پر 1.22 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔

عالمی سطح پر یہ سال کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے، جو چینی ریسنگ کامیڈی ’پیگاسس تھری‘ سے پیچھے ہے جس نے 60 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا کاروبار کیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنے دوسرے ویک اینڈ میں ’پروجیکٹ ہیل میری‘ کے ٹکٹوں کی فروخت میں صرف 32 فیصد کمی آئی، جس کا مطلب ہے کہ اس کے جمے رہنے کی صلاحیت 2023 میں ’اوپن ہائیمر‘ کی 46.7 ملین ڈالر کی کمائی سے بھی بہتر تھی۔

اس کے 8.05 کروڑ ڈالر کے مقامی باکس آفس آغاز نے ’اوپن ہائیمر‘ سے بہترین ’نان فرینچائز‘ اوپننگ ویک اینڈ کا اعزاز بھی چھین لیا، جبکہ اس کا عالمی آغاز 14 کروڑ ڈالر رہا تھا۔

فلم کی کامیابی ایمیزون ایم جی ایم کے لیے مسلسل ناکامیوں کے بعد ایک انتہائی ضروری جیت ہے، اور اس نے ’کریڈ تھری‘ کے اپنے گذشتہ اوپننگ ویک اینڈ ریکارڈ کو بھی پاش پاش کر دیا ہے، جس نے 2023 میں 5.8 کروڑ ڈالر کمائے تھے۔

لارڈ اور ملر کی اس فلم میں گوسلنگ نے مڈل سکول کے سائنس ٹیچر کا کردار ادا کیا ہے جسے دنیا کو بچانے کے لیے خلا کے سفر کا کام سونپا گیا ہے۔ اس فلم میں اداکارہ سینڈرا ہلر اور لیونل بوائس بھی شامل ہیں۔ توقع کی جا رہی تھی کہ یہ فلم اپنے پہلے ویک اینڈ پر مقامی باکس آفس پر 6.5 کروڑ ڈالر تک پہنچے گی، لیکن مثبت ریویوز اور آسکرز کی نشریات کے دوران دکھائے گئے ٹریلرز کی بدولت یہ اس سے کہیں آگے نکل گئی۔

’پروجیکٹ ہیل میری‘ کے لیے ریویوز زیادہ تر شاندار رہے ہیں، جس میں انڈپینڈنٹ کی فلم نقاد کلیریس لوفری نے فلم کو چار ستارے دیے ہیں۔

لوفری نے لکھا ہے کہ یہ ’ماضی کی عظیم سائنس فکشن فلموں کا ایک کیمیائی طور پر مکمل امتزاج ہے، جس میں سپیل برگ اور کیوبرک کا اچھا خاصا اثر موجود ہے، یہ جانی پہچانی لگتی ہے مگر بیزار نہیں کرتی۔‘

اگلے ویک اینڈ پر اس فلم کا مقابلہ یونیورسل پکچرز کی ’دی سپر ماریو گلیکسی مووی‘ سے ہو گا، جس کے بارے میں توقع ہے کہ یہ 2026 کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ہو گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *