کولمبیا میں فوجی طیارہ گرنے سے 66 افراد کی موت

کولمبیا میں حکام کا کہنا ہے ایک فوجی طیارے میں سوار 125 فوجی اور عملے کے افراد پیر کی صبح ٹیک آف کے دوران حادثے کا شکار ہو گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 66 افراد جان سے گئے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

ہرکولیز سی 130 نامی طیارہ جنوبی سرحدی علاقے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے کا ملبہ جنگل میں بکھرنے سے آگ بھڑک اٹھی۔

فوجی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 58 فوجی، فضائیہ کے چھ اہلکار اور دو پولیس افسران اس حادثے میں مارے گئے ہیں۔

اس سے قبل مقامی حکومتی سیکریٹری کارلوس کلاروس نے آر سی این ٹیلی وژن کو بتایا تھا کہ 33 افراد کی موت ہوئی ہے اور درجنوں زخمیوں کے علاج اور انخلا کی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جہاں طیارہ گرا وہ سرحدی علاقہ حالیہ ہفتوں میں شدید فوجی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے، جہاں کولمبیا اور ایکواڈور کی افواج منشیات سمگلنگ کرنے والے کارٹلز اور مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔

موقع سے حاصل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ شہری طیارے کے ٹوٹے ہوئے حصوں، جن پر FAC 1016 لکھا تھا، کے ارد گرد موجود ہیں جبکہ درختوں کے اوپر دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔

وزیر دفاع پیدرو سانشیز نے اس سانحے پر ’گہرے دکھ‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *