پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں ہر صبح صرف اعداد و شمار کا کھیل نہیں ہوتا بلکہ اس کے پیچھے ایسے لوگ ہیں جن کی زندگی اور فیصلے عالمی خبروں، معاشی دباؤ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد سے جڑے ہوتے ہیں۔
کراچی کی ایک تاریخی عمارت، جہاں کئی دہائیوں سے سٹاک مارکیٹ کے اہم فیصلے ہوتے رہے ہیں، میں ایک بروکر دن کا آغاز اسی روایت کے ساتھ کرتا ہے جو اس کے خاندان کی نسلوں سے جاری ہے۔
پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کے سینیئر بروکر ظفر موتی کہتے ہیں کہ ان کے خاندان کی پانچ نسلیں سٹک مارکیٹ سے وابستہ رہی ہیں اور یہ سفر تقسیم ہند سے بھی پہلے شروع ہوا تھا۔
ظفر موتی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہمارے بزرگ تقسیم سے پہلے کلکتہ، بمبئی سٹاک ایکسچینجز سے وابستہ تھے۔ تقسیم کے بعد ہمارا خاندان کراچی آگیا اور یہاں بھی وہی سلسلہ جاری رہا۔‘
ظفر موتی سابق ڈائیریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج رہ بھی چکے ہیں اور انہوں نے پانچ نسلوں کے اس سفرمیں مارکیٹ کی بے شمار تیزیاں اور مندیاں دیکھی ہیں۔
تاہم آج کل ایران اسرائیل جنگی صورتحال کے باعث پاکستان کی سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی دیکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے دوسرے روز مندی کے بعد پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
100 انڈیکس میں ایک ساتھ نو حدیں بحال ہوئیں، انڈیکس میں 9303 پوائنٹس کا اضافہ، انڈیکس ایک لاکھ 55 ہزار 783 کی سطح پر بند کر دیا گیا ۔
تاہم مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ ایک بروکر کی زندگی کا لازمی حصہ ہیں اور یہی وہ لمحہ ہوتا ہے جب دن کی اصل کہانی شروع ہوتی ہے جو یہ طے کرتا ہے کہ بروکر صبح کی شروعات کیسے کرے گا۔ اور تیزی یا گراوٹ اس کے فیصلوں پر کس طرح اثر ڈالتی ہے۔
ایک بروکر کی صبح کیوں اہم ہوتی ہے؟
ایک بروکر کا دن عالمی حالات، معاشی خبروں اور سرمایہ کاروں کی نفسیات کو سمجھنے سے شروع ہوتا ہے۔
ظفر موتی نے اس حوالے سے بتایا کہ ’بروکر کی صبح عام لوگوں سے مختلف ہوتی ہے۔ دن کا آغاز عام طور پر مارکیٹ سے جڑے لوگوں سے رابطوں سے ہوتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم صبح سب سے پہلے کیپیٹل مارکیٹ کے لوگوں کو فون کرتے ہیں۔ اس سے ہمیں اندازہ ہو جاتا ہےکہ آج کا دن مارکیٹ میں کس طرح گزر سکتا ہے۔
’اس کے ساتھ ساتھ عالمی معاشی خبروں پر بھی گہری نظر رکھی جاتی ہے۔ ایک بروکر کے لیے صرف خبریں پڑھ لینا کافی نہیں بلکہ انہیں سمجھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ آج کل فیک نیوز کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔ اس لیے یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ کون سی خبر واقعی اہم ہے اور کون سی صرف افواہ ہے۔‘
ظفر موتی کے مطابق: ’خبروں اور تجزیوں کی بنیاد پر بروکر اپنے سرمایہ کاروں اور ڈیلرز کو مارکیٹ کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہیں۔ تاہم سرمایہ کاری کا حتمی فیصلہ اکثر سرمایہ کار خود کرتے ہیں۔
’ہم معلومات دیتے ہیں، مگر فیصلہ زیادہ تر کلائنٹ خود کرتے ہیں۔ ہم انہیں یہی کہتے ہیں کہ اپنی تحقیق بھی ضرور کریں۔‘
مارکیٹ میں دو طرح کے بروکرز ہوتے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ میں کام کرنے والے بروکرز بھی مختلف انداز میں کام کرتے ہیں۔ کچھ بروکر تحقیق اور تجزیہ فراہم کرتے ہیں جبکہ کچھ صرف خرید و فروخت کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تحقیق فراہم کرنے والوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ اگر ان کی رپورٹ غلط ثابت ہو جائے تو انہیں جواب دہ ہونا پڑ سکتا ہے۔
ماضی کی مارکیٹ اور آج کا نظام
وقت کے ساتھ سٹاک مارکیٹ کا نظام بھی بدل گیا ہے۔
ظفر موتی کے مطابق ماضی میں جب مارکیٹ میں ہنگامی حالات پیدا ہوتے تھے تو بروکرز کو گھنٹوں سٹاک ایکسچینج کے بورڈ روم میں بیٹھ کر فیصلے کرنا پڑتے تھے کیونکہ اس وقت خودکار نظام موجود نہیں تھا۔
’اس زمانے میں زیادہ تر کام ہاتھ سے ہوتا تھا۔ بروکریج ہاؤسز کو اپنے تمام حساب کتاب خود سنبھالنے پڑتے تھے۔ اب ٹیکنالوجی نے بہت سی چیزیں آسان کر دی ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے مارکیٹ میں شفافیت بھی بڑھائی ہے۔‘
ان کے مطابق: ’عالمی حالات یا جنگی صورتحال بھی براہِ راست سٹاک مارکیٹ کو متاثر کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر جب عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو اس کا اثر ان ممالک پر زیادہ ہوتا ہے جو تیل درآمد کرتے ہیں، جیسے پاکستان۔ ایسی صورتحال میں اکثر سرمایہ کار گھبرا کر اپنے شیئرز فروخت کرنے لگتے ہیں۔
’پینک سیلنگ سب سے بڑا مسئلہ بن جاتی ہے۔ لوگ گھبرا کر شیئرز بیچ دیتے ہیں اور بعد میں جب مارکیٹ سنبھلتی ہے تو انہیں احساس ہوتا ہے کہ انہوں نے جلد بازی کی۔‘
اعتماد کی مارکیٹ
ظفر موتی کے مطابق: ’سٹاک مارکیٹ صرف پیسے کا کھیل نہیں بلکہ اعتماد کا بھی امتحان ہے۔ اگر سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور ہو جائے تو مارکیٹ کو سنبھلنے میں وقت لگتا ہے۔‘
ان کے الفاظ میں: ’مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، لیکن اصل چیز صبر اور اعتماد ہے۔ جو لوگ یہ سمجھ جاتےہیں وہی اس دنیا میں کامیاب رہتے ہیں۔‘
