اداکار راجپال یادو عدالتی ریلیف ملنے پر جیل سے باہر آ گئے

بالی وڈ اداکار راجپال یادو کو چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائی کورٹ سے عارضی ریلیف ملنے کے بعد منگل کو تہاڑ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

آؤٹ لک انڈیا کی ویب سائٹ کے مطابق راجپال تمام قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد شام تقریباً 4:50 بجے جیل سے باہر آئے۔

عدالت نے انہیں یہ ریلیف شکایت کنندہ کو 1.5 کروڑ روپے جمع کروانے کے بعد دیا۔

جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجپال نے کہا کہ انہیں پورے ملک سے بھرپور حمایت ملی۔

انہوں نے کہا ’2027 میں مجھے بالی وڈ میں کام کرتے 30 سال مکمل ہو جائیں گے۔ سب لوگ میرے ساتھ رہے، اسی لیے میں 200 سے 250 فلمیں کر سکا ہوں۔‘

اداکار کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ ہائی کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے اور یہ کہ جب بھی ضرورت ہو وہ حاضر ہو جائیں گے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’پورے ملک کے لوگوں کی محبت اور حمایت میرے ساتھ ہے اور اگر کوئی الزامات ہیں تو میں پوری شفافیت کے ساتھ جواب دینے کے لیے تیار ہوں۔‘

جسٹس سوارنا کانتا شرما نے یہ دیکھتے ہوئے کہ انہوں نے شکایت کنندہ مرلی پراجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کو 1.5 کروڑ روپے ادا کر دیے ہیں، چھ ماہ کی سزا کی عبوری معطلی کا حکم دیا۔

 

عدالت نے کہا ’ہم آپ کی سزا کو عبوری طور پر معطل کر رہے ہیں… ایسا اگلی سماعت کی تاریخ تک رہے گا۔‘

عدالت نے ان کو پاسپورٹ جمع کرانے اور پیشگی اجازت کے بغیر ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

ساتھ ہی انہیں 18 مارچ کو ہونے والی اگلی سماعت میں جسمانی یا ورچوئل طور پر حاضر ہونے کا بھی حکم دیا گیا۔

راجپال نے اپنی درخواست میں 19 فروری کو خاندان میں ہونے والی شادی کا حوالہ دیتے ہوئے سزا کی معطلی کی استدعا کی تھی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *