فٹ بال کی دنیا میں اکثر برازیل، ارجنٹینا، جرمنی اور سپین جیسی بڑی طاقتوں کا ذکر ہوتا ہے، لیکن 2026 کے فیفا ورلڈ کپ نے ایک ایسی کہانی بھی دنیا کے سامنے رکھی جس نے ثابت کر دیا کہ خوابوں کی کوئی جغرافیائی یا آبادیاتی حد نہیں ہوتی۔
افریقہ کے مغربی ساحل سے دور بحرِ اوقیانوس میں واقع چھوٹا سا جزیرہ نما ملک کیپ ورد یا مقامی زبان میں کابو ورد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ تک پہنچا اور عالمی فٹ بال میں ایک تاریخ رقم کر دی۔
اس کا اگلہ اہم اور سخت ترین مقابلہ ارجنٹینا کے خلاف کل صبح تین بجے ہے۔ آب شاید ڈرا کرنے سے بھی اسے فائدہ نہ ہو اور چیمپین ٹیم کے خلاف جتنا آسان نہ ہو۔
روئٹرز کے مطابق ارجنٹینا کے کوچ لیونل سکیلونی نے جمعرات کو کیپ وردے کے خلاف ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے میچ سے قبل محتاط اور احترام پر مبنی رویہ اختیار کرتے ہوئے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی یہ ٹیم موجودہ عالمی چیمپیئنز کے لیے آسان حریف ثابت ہوگی۔
ارجنٹینا گروپ مرحلے میں تقریباً بےعیب کارکردگی کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچا ہے، تاہم سکیلونی نے کہا کہ اگرچہ ان کی ٹیم کے گرد جوش و خروش پایا جاتا ہے، لیکن کھلاڑی کیپ وردے کو پوری سنجیدگی اور احترام کے ساتھ لے رہے ہیں۔
سکیلونی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ’ہم اس وقت اچھی فارم میں ہیں، لیکن اب غلطی کی گنجائش بہت کم رہ گئی ہے۔ یہ ایسا میچ ہے جس میں اگر آپ ہار جائیں تو ٹورنامنٹ سے باہر ہو جاتے ہیں۔ ہم اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: وہ ایک اچھی ٹیم ہیں۔ ہم انہیں پہلے ہی دیکھ چکے ہیں، صرف اس لیے نہیں کہ اب ہمارا مقابلہ ان سے ہے بلکہ اس لیے بھی کہ ہم ممکنہ حریفوں کا تجزیہ کر رہے تھے اور پھر انہوں نے کوالیفائی کر لیا۔‘
کوبو ورد کی آبادی صرف پانچ لاکھ کے لگ بھگ ہے، جس کے باعث یہ ورلڈ کپ تک پہنچنے والے دنیا کے کم آبادی والے ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ ملک کا رقبہ بھی تقریباً چار ہزار مربع کلومیٹر سے کچھ زیادہ ہے، اس لیے اسے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے چھوٹے ممالک میں سے ایک قرار دیا گیا۔
ورلڈ کپ کا راستہ
2026 کے ورلڈ کپ کے لیے افریقی کوالیفائنگ مرحلہ انتہائی مشکل تھا۔ اگرچہ ورلڈ کپ کو 48 ٹیموں تک وسعت دی گئی، پھر بھی افریقی گروپس میں براہِ راست کوالیفکیشن کے لیے سرفہرست پوزیشن حاصل کرنا ضروری تھی۔ کیپ ورد کو ایسے گروپ میں رکھا گیا جس میں افریقی فٹ بال کی مضبوط ٹیم کیمرون بھی موجود تھی۔ بہت سے مبصرین کا خیال تھا کہ کیمرون آسانی سے گروپ جیت لے گا، لیکن کیپ ورد نے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے۔
ٹیم نے پورے کوالیفائنگ مرحلے میں شان دار کارکردگی دکھائی۔ اس نے سات میچ جیتے، دو برابر کھیلے اور صرف ایک میچ ہارا۔ دفاعی استحکام اس کی سب سے بڑی قوت تھی اور اس نے اپنے دس میچوں میں سات کلین شیٹس بھی حاصل کیں۔
فیصلہ کن لمحہ
کوالیفائنگ مہم کا سب سے اہم موڑ اس وقت آیا جب کیپ ورد نے اپنے مضبوط حریف کیمرون کو 1-0 سے شکست دی۔ اس کامیابی نے نہ صرف ٹیم کا اعتماد بڑھایا بلکہ اسے گروپ کی پہلی پوزیشن پر پہنچانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بعد ازاں، اکتوبر 2025 میں ایسواتینی کے خلاف 3-0 کی واضح فتح نے کیپ ورد کی پہلی ورلڈ کپ شرکت پر مہر ثبت کر دی۔ میچ کے اختتام پر کھلاڑی، کوچنگ سٹاف اور شائقین جذباتی مناظر میں جشن مناتے دکھائی دیے کیونکہ ملک نے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا فٹ بالی خواب پورا کر لیا تھا۔
ٹیم کا کردار
کیپ ورد کے پاس میسی، مباپے یا رونالڈو جیسا کوئی عالمی سپر سٹار نہیں، لیکن پوری ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کھیلتی ہے۔ ٹیم کی کامیابی انفرادی مہارت کے بجائے اجتماعی کارکردگی پر مبنی ہے۔ اس کے کئی کھلاڑی پرتگال، فرانس، بیلجیئم اور دیگر یورپی لیگز میں کھیلتے ہیں۔
تاہم کیپ ورد کی کامیابی کے پیچھے سب سے اہم شخصیت ٹیم کے کوچ بوبِستا ہیں، جو خود بھی ماضی میں ملک کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود ایک ایسی ٹیم تیار کی جو نظم و ضبط، دفاعی مضبوطی اور اجتماعی کھیل کی وجہ سے نمایاں رہی۔
بوبِستا نے بارہا کہا کہ ’خواب دیکھنا ہر کسی کا حق ہے اور کچھ بھی ناممکن نہیں۔‘ ان کی ٹیم نے ورلڈ کپ تک پہنچ کر اس قول کو حقیقت میں بدل دیا۔
ورلڈ کپ 2026 میں آغاز
ورلڈ کپ میں کیپ ورد کو ایک مشکل گروپ ملا جس میں سپین، یوراگوئے اور سعودی عرب شامل تھے۔ بیشتر ماہرین کا خیال تھا کہ یہ ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ پائے گی، مگر اس نے حیران کن کارکردگی دکھائی۔
اپنے پہلے ہی میچ میں اس نے سابق عالمی چیمپیئن سپین کو 0-0 سے برابر کر دیا۔ اس نتیجے نے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کی کیونکہ ایک نووارد ٹیم نے یورپ کی بڑی طاقت کو روک لیا تھا۔
اس کے بعد یوراگوئے کے خلاف 2-2 کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ کیون پِینا نے ورلڈ کپ میں کیپ وردے کی تاریخ کا پہلا گول کیا جبکہ ہیلیو واریلا نے دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو اہم پوائنٹ دلایا۔
گروپ کے آخری میچ میں سعودی عرب کے ساتھ 0-0 کا ڈرا ہوا۔ یوں کیپ ورد نے تینوں میچ برابر کھیلے اور تین پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ سپین کی یوراگوئے کے خلاف کامیابی نے کیپ وردے کی اگلے مرحلے میں رسائی یقینی بنا دی۔
تاریخی کامیابی
کیپ ورد نہ صرف اپنے پہلے ورلڈ کپ میں شریک ہوا بلکہ ناک آؤٹ مرحلے تک بھی پہنچ گیا۔ یہ کارنامہ اور بھی غیرمعمولی اس لیے تھا کہ ٹیم نے گروپ مرحلے میں کوئی میچ جیتے بغیر صرف تین ڈرا کے ذریعے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ فٹ بال کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے۔
مزید یہ کہ وہ آبادی کے لحاظ سے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے والا سب سے چھوٹا ملک بن گیا۔
یہ کامیابی کیوں اہم ہے؟
کیپ ورد کی کہانی صرف فٹ بال کی نہیں بلکہ ایک قومی کامیابی بھی ہے۔ محدود آبادی، کم وسائل اور نسبتاً چھوٹے فٹ بالی ڈھانچے کے باوجود اس ملک نے دکھایا کہ درست منصوبہ بندی، مضبوط ٹیم سپرٹ اور مؤثر قیادت سے بڑے سے بڑا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔
افریقہ میں کیپ ورد کی کامیابی ان چھوٹے ممالک کے لیے بھی ایک مثال بن گئی ہے جو روایتی فٹ بال طاقتوں کے سائے میں نظر نہیں آتے۔ اس نے یہ ثابت کیا کہ جدید فٹ بال میں صرف آبادی یا مالی وسائل ہی کامیابی کی ضمانت نہیں بلکہ تنظیم، نظم و ضبط اور اجتماعی عزم بھی اتنا ہی اہم ہے۔
