انڈیا میں ایک ہی خاندان کے چار افراد رات گئے کھانے میں تربوز کھانے کے بعد پراسرار حالات میں چل بسے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور گرمیوں کے اس مقبول پھل کی فروخت میں کمی آ گئی۔
27 اپریل، اتوار کو علی الصبح، 45 سالہ عبداللہ ڈوکاڈیا، ان کی 35 سالہ اہلیہ نسرین اور ان کی بیٹیاں 16 سالہ عائشہ اور 13 سالہ زینب جنوبی ممبئی کے بھنڈی بازار کے علاقے پائیدھونی میں اپنے گھر میں موت کے منہ میں چلی گئیں۔
خاندان نے اس شام رات کے کھانے پر نو مہمانوں کی میزبانی کرتے ہوئے بریانی پیش کی تھی۔ رشتہ داروں کے جانے کے بعد، ان چاروں لوگوں نے رات ایک بجے کے قریب تربوز کھایا۔
صبح پانچ بجے تک وہ سب الٹی، پیٹ درد اور ہیضے کی وجہ سے شدید بیمار ہو گئے، اور انہیں نیم بے ہوشی کی حالت میں مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔ وہ چند گھنٹوں کے وقفے سے چل بسے۔ رات کے کھانے پر آنے والے مہمانوں میں سے کوئی بھی بیمار نہیں ہوا، جنہوں نے اس سے قبل شام کو وہی پلاؤ کھایا تھا۔
پولیس نے حادثاتی موت کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور مہمانوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔
لیکن انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق تاجروں کا کہنا ہے کہ اس کے فوراً بعد تربوز کی مانگ میں تقریباً 30 فیصد کمی آ گئی، اور یہ پھل پانچ سے سات انڈین روپے (چار سے پانچ برطانوی پنس) فی کلوگرام تک میں فروخت کیا جا رہا ہے، جو کہ اس کی عام ہول سیل قیمت 10 سے 35 انڈین روپے (اٹھ سے 27 پنس) کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔
ممبئی میں عام طور پر تربوز کی خوردہ قیمت 30 سے 100 انڈین روپے (23 سے 78 پنس) فی کلوگرام کے درمیان ہوتی ہے۔
جنوبی ممبئی کی کرافورڈ مارکیٹ کے دکان داروں نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ خاندان کی موت کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹس سے خوف پھیلنے کے بعد، گاہک خریدے ہوئے تربوز واپس کر رہے ہیں۔
نیوز 18 نے رپورٹ کیا کہ مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے خاندان کی رہائش گاہ سے بریانی، تربوز، پینے کے ذخیرہ شدہ پانی، چاول، چکن، کھجور اور مسالحوں کے کئی نمونے اکٹھے کیے ہیں۔ چاروں متاثرین کے اعضا کیمیائی تجزیے کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور حتمی فرانزک رپورٹ کا ابھی انتظار ہے۔
ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر تربوز کے بارے میں خوف پھیلانے والے نظریات کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں ہے۔ سر جے جے ہسپتال، جہاں تین متاثرین انتقال کر گئے تھے، کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنجے سوراسے نے کہا کہ طبی صورت حال فوڈ پوائزننگ سے میل نہیں کھاتی۔
انہوں نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا، ’طبیعت بگڑنے کی رفتار، حالت کی شدت، اور یہ حقیقت کہ ایک ہی خاندان کے متعدد افراد متاثر ہوئے، عام طور پر کھانے سے ہونے والی بیماری سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ہم کسی زہریلے یا کیمیائی مادے کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ریاستی فوڈ سیفٹی کمشنر نے الگ سے اخبار کو بتایا کہ تربوز پر کیڑے مار ادویات کی باقیات کی زیادہ مقدار بھی ایسی اموات کا سبب نہیں بن سکتی، کیوں کہ فصل کی کٹائی سے پہلے پھلوں پر عام طور پر کئی کیڑے مار ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے کوئی جان لیوا نتائج نہیں ہوتے۔
یہ پھل مہاراشٹر، کرناٹک اور گجرات بھر کے کھیتوں سے لایا جاتا ہے، اور تینوں ریاستوں کے کاشت کار اس خوف و ہراس کو تشویش کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ مہاراشٹر ایف ڈی اے نے کہا کہ اموات اور تربوز کے درمیان کوئی براہ راست تعلق ثابت نہیں ہوا ہے اور جب تک سائنسی تصدیق نہیں مل جاتی کوئی نتیجہ اخذ نہیں کیا جائے گا۔
پولیس نے کہا کہ وہ اس بات کی بھی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا موت سے پہلے کے وقت میں یہ خاندان کسی مالی یا نفسیاتی دباؤ کا شکار تو نہیں تھا۔
