پاکستان کے محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 26 سے 29 مارچ تک بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 25 مارچ سے پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات سب سے پہلے بلوچستان میں دیکھے گئے، جہاں مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔
یہ سلسلہ بتدریج ملک کے شمالی، مغربی اور مشرقی حصوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انجم کے مطابق ’26 مارچ کو کراچی کے چند علاقوں، خاص طور پر شمال مغربی حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم اس کی شدت کم رہے گی۔
’سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید بتایا ’اس سسٹم کا زیادہ اثر بالائی بلوچستان، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب پر ہو گا۔
’لاہور، سیالکوٹ، مردان اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ 27 مارچ سے یہ سسٹم مزید شدت اختیار کرے گا، جس کے باعث شمالی علاقوں میں بارش میں اضافہ ہو گا جبکہ کراچی سمیت سندھ میں 28 اور 29 مارچ کو بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انجم نذیر کے مطابق بعض شہروں میں کمزور تعمیرات، دیواروں، سولر پینلز اور دیگر کمزور ڈھانچوں کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
’جبکہ زرعی شعبے کے لیے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ ملک کے مختلف حصوں میں گندم کی کٹائی کا موسم جاری ہے اور بارش یا ژالہ باری فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔‘
فروری میں درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ دیکھنے میں آئیں ہی جس پر انجم کا کہنا تھا کہ فروری اور مارچ کے ابتدائی دنوں میں معمول سے تین سے نو ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث حالیہ موسمی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
