2025 میں 129 صحافی مارے گئے، دو تہائی اموات کا ذمہ دار اسرائیل: سی پی جے

صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) نے 2025 کے دوران دنیا بھر میں مارے گئے 129 صحافیوں میں سے دو تہائی اموات کے لیے اسرائیل کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

سی پی جے نے بدھ کو صحافیوں کی اموات کا لگاتار دوسرے سال کا ریکارڈ پیش کیا، جو یہ تنظیم گذشتہ تین دہائیوں میں اکٹھا کر رہی ہے۔  

میڈیا واچ ڈاگ کی سی ای او جوڈی گینزبرگ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا: ’ایک ایسے وقت میں صحافیوں کو ریکارڈ تعداد میں قتل کیا جا رہا ہے جب معلومات تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

’جب صحافیوں کو خبریں دینے پر مارا جاتا ہے تو ہم سب کو خطرہ ہوتا ہے۔‘

سی پی جے نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ 2025 میں ہونے والی تمام اموات میں سے تین چوتھائی سے زیادہ تنازعات کی وجہ سے ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 2025 میں اسرائیلی فائرنگ سے جان سے جانے والے پریس کے 86 ارکان میں سے 60 فیصد سے زیادہ غزہ سے رپورٹنگ کرنے والے فلسطینی تھے۔

اسرائیلی فوج کا مؤقف ہے کہ وہ کبھی بھی جان بوجھ کر صحافیوں کو نشانہ نہیں بناتی اور کہا کہ سی پی جے کی رپورٹ ’عام الزامات، نامعلوم ڈیٹا اور پہلے سے طے شدہ نتائج پر مبنی ہے۔‘

اسرائیل کے ایک فوجی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’پوری جنگ کے دوران ایسے متعدد واقعات ہوئے ہیں جن میں دہشت گردوں نے شہری بھیس میں کارروائیاں کیں، جن میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے لیے صحافیوں کا روپ دھارنا بھی شامل ہے۔‘

سی پی جے نے کہا کہ یوکرین اور سوڈان میں بھی ایک سال پہلے کے مقابلے میں 2025 میں مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سی پی جے نے ڈرونز کے استعمال میں اضافے پر روشنی ڈالی، جس میں 39 کیس درج کیے گئے ہیں، جن میں غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں 28 اور سوڈان میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے ہاتھوں پانچ اموات شامل ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوکرین میں روسی فوجی ڈرون کے ذریعے چار صحافی مارے گئے، جو 2022 کی 15 اموات کے بعد جنگ میں صحافیوں کی اموات کی سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے۔

سی پی جے نے قتل کی شفاف تحقیقات کے فقدان کو نوٹ کرتے ہوئے کہا کہ استثنیٰ کے مستقل کلچر کی وجہ سے صحافی تیزی سے کمزور ہو رہے ہیں۔

میکسیکو میں 2025 میں چھ صحافیوں کو قتل کیا گیا اور تمام کیسز ابھی تک حل طلب ہیں۔ 

فلپائن میں تین صحافیوں کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔

سی پی جے کی رپورٹ کے مطابق، دوسروں کو بدعنوانی کے بارے میں ان کی رپورٹنگ کے بعد قتل کیا گیا، جیسے کہ ایک بنگلہ دیشی رپورٹر کو دھوکہ دہی سے منسلک مشتبہ افراد نے قتل کر دیا۔

اسی طرح کی منظم جرائم سے متعلق اموات انڈیا اور پیرو میں بھی ریکارڈ کی گئیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *