پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے سرحد کھول دی

پاکستان اور افغانستان کے حکام نے منگل کو تصدیق کی کہ افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لیے طورخم سرحد کو کھول دیا گیا ہے۔

صوبہ ننگرہار کی وزارت اطلاعات کے مطابق سرحد کھلنے پر ننگرہار کے عمری کیمپ میں پناہ گزینوں کی رہائش اور سہولیات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو خدمات کی فراہمی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

پاکستان کے ضلع خیبر کی انتظامیہ کے ایک اہلکار نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ آج دوپہر 12 بجے سے سرحد کو افغان پناہ گزینوں کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔

سرحد کی طویل بندش کے باعث وہ سینکڑوں افغان پناہ گزین، جنہیں پاکستانی حکومت نے انخلا کا حکم دیا تھا، کئی ہفتوں سے علاقے میں پھنسے ہوئے تھے اور سڑکوں پر دن رات گزارنے پر مجبور تھے۔

اس سے قبل پاکستانی حکام نے بتایا تھا غیر قانونی اور غیر دستاویزی افغان شہریوں کی واپسی کا عمل آج (منگل) سے باضابطہ طور پر دوبارہ شروع کر دیا جائے گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی حکام کے مطابق افغانستان کی جانب سے فائرنگ نہ کرنے کی یقین دہانی کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ اداروں کو پناہ گزینوں کی واپسی پر 31 مارچ سے دوبارہ عمل درآمد کی ہدایت کی گئی تھی اور یہ صرف یک طرفہ نقل و حرکت یعنی پاکستان سے افغانستان ہو گی۔

27 مارچ کو پاکستان نے عارضی جنگ بندی کے بعد عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر افغان شہریوں کی واپسی کا عمل بحال کیا تھا۔

تاہم چند گھنٹوں بعد افغان جانب سے فائرنگ کے باعث یہ عمل دوبارہ معطل کر دیا گیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *