بنگلہ دیش نے اتوار کو تیسرے اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-1 سے جیت لی۔
میرپور کے شیرِ بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
بنگلہ دیش نے اپنی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 290 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بنگلہ دیش نے پہلا میچ آٹھ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت 128 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز برابر کر دی تھی۔
پاکستان نے آج کے میچ میں انجری کے باعث حسین طلعت اور پہلے دو میچوں میں ناکامی کے بعد ٹیم سے باہر کیے گئے شمائل حسین کی جگہ غازی غوری اور سعد مسعود کو پہلی بار ٹیم میں شامل کیا۔ اسی طرح لیگ سپنر ابرار احمد بھی ٹیم میں واپس آ گئے اور انہوں نے فاسٹ بولر محمد وسیم کی جگہ لی۔
بنگلہ دیش نے مسلسل تیسرے میچ میں بھی وہی ٹیم برقرار رکھی اور اپنے تین رکنی فاسٹ بولنگ اٹیک تسکین احمد، ناہید رانا اور مستفیض الرحمٰن پر اعتماد برقرار رکھا۔
